0
Thursday 22 Apr 2021 22:05

ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم اور بازاروں کے اوقات رات دو بجے تک بڑھائے جائیں، تاجر برادری

ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم اور بازاروں کے اوقات رات دو بجے تک بڑھائے جائیں، تاجر برادری
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے تاجروں نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم کی جائے اور عید کی خریداری کے لئے بازاروں کے اوقات رات دو بجے تک بڑھائے جائیں، اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھربھرپور احتجاج کریں گے۔ کریم سینٹر صدر میں احتجاجی مظاہرے سے اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد، کریم سینٹر ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم قریشی، کراچی کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے جاوید حاجی عبداللہ، سپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک، اسمال ٹریڈرز کے جنرل سیکرٹری عثمان شریف، صدر الائنس کے رہنما عبدالصمد، لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے بابر خان بنگش، اقبال یوسف، محمد ربان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کی دو روز کی چھٹی فوری طور پر ختم کی جائے اور 12 رمضان المبارک کے بعد کراچی میں ریٹیل مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام باآسانی عیدالفطر کی خریداری کرسکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے مسئلے پر فوری طور پر کراچی چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے اور مارکیٹوں سے متعلق تمام فیصلے چیمبر کی مشاورت سے کئے جائیں۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گذشتہ رمضان میں لاک ڈاؤن میں مارکیٹیں بند رہیں، جس کی وجہ سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا، آج بھی مارکیٹوں کے اوقات کم کرنے اور ہفتہ وار دو دن کی تعطیل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں، حکومت کا کورونا کے باوجود بڑے شاپنگ سینٹرز کھلے اور مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے، رمضان المبارک اور عیدالفطر کی خرید و فروخت کے لئے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، گارمنٹس، بچوں کے کھلونے، خواتین کے استعمال کی مصنوعات، کاسمیٹیکس کے آئٹم، ٹیلرنگ ورک، کھلونے، جوتے، گھریلو آرائش اور دیگر اشیاء کی خریدوفروخت رمضان کے مہینے میں ہوتی ہے، اگر ان کی فروخت کے لئے مناسب وقت نہ دیا گیا اور مارکیٹوں کو رات کے اوقات میں دو بجے تک کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی تو تاجر دیوالیہ ہوجائیں گے۔ تاجر برادری نے کہا کہ ہم مارکیٹوں کو ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کھولنا چاہتے ہیں، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو پھر مجبوراً ہمیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا، سندھ حکومت تاجروں کو دیوار سے نہ لگائے۔
خبر کا کوڈ : 928701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش