QR CodeQR Code

فرانسیسی سفیر کی ملک بدری پر بحث نہ ہوسکی

شور شرابے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

23 Apr 2021 12:48

اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ پہلے فرانس میں شائع گستاخانہ خاکوں سے متعلق قرارداد پر بات کرنے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔ آج کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی شرکت کی، جس نے گذشتہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ آج ہونے والا قومی اسمبلی کا اجلاس بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان کی جانب سے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیے جانے اور شور شرابے کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں کوئٹہ میں ہوئے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی گئی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ یہ ایوان کوئٹہ دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ایوان میں ڈاکٹر رمیش کمار کے بھائی کے انتقال پر ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔ قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء، ایم این اے پیر فضل شاہ کی بھابھی اور سابق آئی جی ناصر درانی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اجلاس میں سفارش کی کہ سابق آئی جی پولیس ناصر درانی کی خدمات کے صلے میں صدرِ مملکت انہیں ہلال امتیاز سے نوازیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے شور مچایا اور مطالبہ کیا کہ پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے دی جائے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ بعد میں موقع دوں گا، پہلے وقفہ سوالات پورا ہونے دیں، رولز کے مطابق ایوان چلانے دیں۔ اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ اس صورتِ حال کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی ملتوی کر دیا گیا اور فرانسیسی سفیر کی ملک بدری معاملے پر بحث نہ ہوسکی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں آج فرانسیسی سفیر کی ملک بدری معاملے پر بحث ہونی تھی تاہم ہنگامہ آرائی کے باعث بحث نہ ہوسکی۔ آغاز میں ہی اپوزیشن اراکین اپنے نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ انہوں نے نکتہ اعتراض پر بولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا اور بات کرنے کا موقع نہ دینے پر اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ مسلم لیگ نون، پیپلزپارٹی، جے یو آئی فے کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا۔

ڈپٹی اسپیکر نے ان سے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد آپ کو موقع ملے گا۔ لیکن پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے وقفہ سوالات کا بائیکاٹ کر دیا۔ اپوزیشن نے حکومت مخالف نعرے بازی کی، جس سے ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ اپوزیشن ارکان نے لبیک یارسول اللہ اور تاجدار ختم نبوت کے نعرے بھی لگائے۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ پہلے فرانس میں شائع گستاخانہ خاکوں سے متعلق قرارداد پر بات کرنے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔ آج کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی شرکت کی، جس نے گذشتہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔
 


خبر کا کوڈ: 928781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928781/شور-شرابے-کے-بعد-قومی-اسمبلی-کا-اجلاس-غیر-معینہ-مدت-کیلئے-ملتوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org