0
Saturday 24 Apr 2021 10:29

مافیاز کیخلاف اقدامات کیلئے نظام کی تبدیلی کے سوا کوئی راہِ حل نہیں، علامہ جواد نقوی

مافیاز کیخلاف اقدامات کیلئے نظام کی تبدیلی کے سوا کوئی راہِ حل نہیں، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفی اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمۃ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی ماضی کی حکومتوں کیطرح عوام کی تقدیر بدلنے کے جو بلند و بانگ دعوے کیے تھے ان دعووں کی تکمیل میں تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود کوئی مثبت پیشرفت کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں اور عوام کی تقدیر بدلنے کے سارے خواب نہ صرف چکنا چور ہو چکے ہیں بلکہ ان تین سالوں میں عوامی مسائل میں بے پناہ اضافہ ہی ہوا ہے جبکہ حکومت نے اپنی اس پوری مدت میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی ٹھوس حکمت عملی اپنانے کی بجائے صرف حکومتی وزراء اور مشیروں کی وزارتوں میں تبدیلی کو ہی عوامی اور ملکی مسائل کے حل کا واحد راستہ اور ذریعہ قرار دیئے رکھا ہے۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی تاریخ کی واحد حکومت ہے جنہوں نے حکومت میں آنے سے پہلے ہی عوامی مسائل کے حل کیلئے کچھ وزراء خصوصاً معیشت کے وزیر کیلئے اسد عمر کے ناموں کا اعلان کرکے عوام کو یقین دلایا تھا کہ ان کے پاس ملکی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے پہلے سے ہی ایک بہترین ٹیم موجود ہے جو اقتدار میں آتے ہی چند سالوں کے دوران تمام مسائل حل کر دے گی مگر ان تمام تر دعووں کے باوجود معیشت کی وزارت جو کہ کسی بھی ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس کیلئے چار وزراء کی تبدیلی کرنے کے بعد بھی ملکی معیشت کو سنبھالنے، مہنگائی  کو کنٹرول کرنے، عوام کیلئے روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے ٹھوس اقدامات کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی ترین وجہ ملکی نظام پر مافیا کا کنٹرول جس کی طرف وزیراعظم عمران خان بذات خود کئی بار اشارہ کر چکے ہیں اور یہی مافیا ملکی اور عوامی مسائل کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اسی مافیا نے پاکستان کے تہتر سالہ مختلف حکومتوں کے ادوار میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بنائی جانیوالی حکومتی پالیسیوں کی ناکامی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، لہذا پاکستان میں موجود اس مافیاز کیخلاف اقدامات کیلئے نظام کی تبدیلی کے سوا کوئی راہِ حل نہیں بچتا کیونکہ موجودہ رائج نظام پاکستانی عوام کی بجائے اس مافیا کیلئے سب سے زیادہ سود مند ہے اور عوام کو اس نظام سے پچھلے تہتر سال سوائے غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور بھوک افلاس کے کچھ حاصل نہیں ہوا اور دوسری طرف ملکی معیشت کو بھی اس مافیا کیوجہ سے شدید بحران کا سامنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج تک ملک کی تمام حکومتوں کیطرف سے بہترین ماہرین معیشت اور بہترین معاشی پالیسیوں کا سہارا لینے کے باوجود ملکی معیشت کو سنبھالا دینے اور ملکی و عوامی مسائل کا کوئی مستقل راہِ حل تلاش کرنے میں بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ حکومتی ناکامی کا سب سے بڑا ثبوت موجودہ وزیراعظم عمران خان کیطرف مختلف مواقع پر رائج نظام حکومت پر کھلم کھلا عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ بیان دینا کہ پاکستان میں رائج نظام بذات خود ایک مسئلہ ہے جس کی موجودگی میں کوئی نتیجہ برآمد نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 928934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش