0
Saturday 24 Apr 2021 22:25

خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے عید تک بند کرنیکا اعلان

خیبر پختونخوا میں تمام تعلیمی ادارے عید تک بند کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے ایک بار پھر کورونا زد اضلاع میں نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے بعد پھر عید تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں 19 اپریل کو صوبے کے 21 کورونا متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو کھولا تھا، تاہم گزشتہ روز کے این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اب دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اعلامیے میں پیر 26 اپریل سے عید تک نویں سے انٹر تک کے تعلیمی ادارے بند ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے پی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی 5 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں تعلیمی ادارے بشمول کلاس نہم سے بارہویں تک بند رہیں گے، تاہم آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق صوبے میں تمام کاروبار شام 6 سے سحری تک بند رہیں گے، البتہ ادویات کی دکانیں، ویکسینیشن مراکز، تندور، ٹیک اوے کے لیے ہوٹل و ریستوران اور پٹررول پمپ کھلے رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کے دو دن تمام کاروباری مراکز بند البتہ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی، جب کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، اور دفاتر میں 50  فیصد عملہ دفاتر اور نصف گھروں سے کام کرے گا، فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریاں سفر کرسکیں گی، صوبہ بھر میں تمام سینما اور مزارات بند، تمام کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، تفریحی پارک، انڈور جمز اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے، جب کہ نماز تراویح کا انعقاد کھلی جگہوں پر کیا جائے گا، جس کے لیے انتظامیہ علماء کے ساتھ رابطے میں رہے گی، تمام احکامات تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم نے ملک  بھر میں پہلی سے آٹھویں تک اسکولز عید تک بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے، جب کہ جب کہ 9ویں سے 12ویں تک تعلیمی ادارے سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی تھی۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے 19 اپریل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا تعطیلات سے بند صوبے کے 21 اضلاع میں نویں سے بارویں تک زیر تعلیم بچوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تین دن ہر کلاس کے آدھے بچے آئیں گے اور پھر اگلے تین دن باقی بچے آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 929046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش