0
Saturday 24 Apr 2021 22:26

حکومت میکنزی کے بیان کی فی الفور تکذیب کرے، امریکہ عراق چھوڑنے میں سنجیدہ نہیں، شیخ قیس الخزعلی

حکومت میکنزی کے بیان کی فی الفور تکذیب کرے، امریکہ عراق چھوڑنے میں سنجیدہ نہیں، شیخ قیس الخزعلی
اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس عصائب اھل الحق کے سربراہ شیخ قیس الخزعلی نے خطے میں امریکی کمانڈ سنٹر "سنٹکام" کے کمانڈر کی گفتگو پر اظہار خیال کرتے ہوئے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنرل میکنزی کے بے بنیاد دعووں کی فوری طور پر تکذیب کرے۔ شیخ قیس الخزعلی نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ خطے میں موجود امریکی کمانڈر کا آخری بیان اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ امریکہ عراق سے اپنے فوجیوں کو نکالنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عراقی حکومت کی جانب سے اس بیان کی فوری تکذیب نہ کی گئی تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ موجودہ عراقی حکومت، امریکیوں کے انخلاء سے متعلق اپنے مطالبے میں جھوٹی تھی جبکہ اس کے ظاہری بیانات اس کے خفیہ اقدامات سے بالکل الٹ ہیں۔

شیخ قیس الخزعلی نے اپنے بیان کے آخر میں تاکید کی کہ امریکی خود اس بات کے پے در پے عملی ثبوت فراہم کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں جبکہ انہیں ملک سے نکال باہر کرنے کے لئے "افغانی" طریقۂ کار ہی موثر ہے۔ واضح رہے کہ وسطی ایشیاء کے لئے امریکی کمانڈ سنٹر "سنٹکام" کے کمانڈر جنرل میکنزی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عراق ہمارے مزید قیام کا خواہاں ہے لہذا ہم وہاں موجود اپنے فوجیوں کی تعداد میں کمی نہیں لائیں گے۔ یاد رہے کہ واشنگٹن کے ساتھ بغداد کے تیسرے تزویراتی مذاکراتی دورے کے اختتام پر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عراق میں امریکی موجودگی محدود ہے جس کی نوعیت صرف اور صرف مشاوراتی و تربیتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 929048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش