0
Saturday 24 Apr 2021 22:59

بغداد کو امریکی سمیت کسی غیر ملکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں، عراقی فوج

بغداد کو امریکی سمیت کسی غیر ملکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں، عراقی فوج
اسلام ٹائمز۔ عراقی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی رسول نے اعلان کیا ہے کہ عراق کو امریکہ سمیت کسی بھی ملک کی فوج کی کوئی ضرورت نہیں۔ بریگیڈیئر جنرل یحیی رسول نے پریس کانفرنس سے خطاب میں مزید کہا کہ داعش کا خطرہ ہنوز لاحق ہے لہذا ہم سب کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال دینا چاہئے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قومی سلامتی کسی بھی دوسری چیز سے بالاتر ہے لہذا تمام ممالک کو چاہئے کہ وہ عراقی خودمختاری کا احترام کریں۔ عراقی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کی کہ عراق کو امریکی سمیت کسی بھی غیر ملکی افواج کی کوئی ضرورت نہیں جبکہ ہم اس وقت تمام غیر ملکی افواج کے انخلاء پر کام کر رہے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل یحیی رسول نے کہا کہ عراق میں موجود فوجی مراکز و چھاؤنیوں کو نشانہ بنانے کی تمام کارروائیاں غیر قانونی ہیں جبکہ ملک سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے خواہاں تمام افراد کو چاہئے کہ وہ گفتگو کا رستہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں نیٹو فورسز کی نوعیت "مشاورتی" ہے نہ کہ عملیاتی جس کا مقصد صرف اور صرف وطن کی حفاظت کے لئے عراقی افواج کو تربیت فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ عراقی مسلح افواج کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب خطے میں امریکی کمانڈ سنٹر "سنٹکام" کے کمانڈر نے امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے مسلح افواج کو وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عراق سے اپنی افواج کے انخلاء کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
خبر کا کوڈ : 929050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش