QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی لاپتہ شیعہ افراد کے اہلخانہ کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے، ناصر حسین شاہ

25 Apr 2021 05:37

مزار قائد کے باہر احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کافی دنوں سے ماں بہنیں دھرنے پر بیٹھی ہیں میں ان سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔


اسلام ٹائمز۔ جبری لاپتہ شیعہ عزاداروں کی عدم بازیابی کے خلاف مزار قائد پر 23 روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر خانوادہ اسیران ملت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی دنوں سے ماں بہنیں دھرنے پر بیٹھی ہیں میں ان سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، لاپتہ افراد کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو کا موقف واضح ہے، پاکستان پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ ہے، آپ کے دھرنے اور جذبات کی قدر کرتا ہوں آپ کے ساتھ ہوں لیکن رمضان المبارک میں آپ سے دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔

اس موقع پر خانوادہ اسیران ملت جعفریہ نے دھرنا ختم نہ کرنے کی نعرے لگائے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت آپ شرکائے دھرنا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر آواز اٹھائی، سندھ حکومت کی جانب سے ہمیشہ جبری لاپتہ افراد کے معاملے میں اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا کہ شیعہ مسنگ پرسنز کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو 21 رمضان المبارک کے جلوس کو روک دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 929119

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929119/پیپلز-پارٹی-لاپتہ-شیعہ-افراد-کے-اہلخانہ-مطالبات-کی-مکمل-حمایت-کرتی-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org