0
Sunday 25 Apr 2021 15:01

کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل تقویٰ، لاپرواہی فِسق ہے، علامہ جواد نقوی

کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل تقویٰ، لاپرواہی فِسق ہے، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداریِ اُمت مصطفی اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمۃ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے ملک میں جاری کرونا وائرس کی تیسری خطرناک ترین اور جان لیوا لہر کے حوالے سے عوام کو احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین صحت کیطرف سے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہی دراصل دین کی نظر میں تقویٰ کہلاتا ہے، کیونکہ تقویٰ انسان کیلئے ایک مکمّل حفاظتی نظام کا نام ہے اور ہر وہ عمل جو انسانیت کی مادی اور روحانی حفاظت کے زمرے میں آتا ہے وہ عمل دین کی نظر میں تقویٰ کے زمرے میں آتا ہے۔

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر وہ عمل جو ان کیلئے خطرہ ایجاد کرنے کا باعث بنتا ہے وہ دین کی نظر میں فِسق ہے لہذا موجودہ کرونا وائرس کی خطرناک اور جان لیوا بیماری سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنیوالے افراد اللہ اور دین کی نظر میں متقی کہلاتے ہیں اور احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنیوالے دین کی نظر میں فاسِق کہلاتے ہیں جن کو اس دنیا میں جانی نقصان اٹھانے کیساتھ ساتھ روزِ آخرت میں بھی اپنے فِسق آلود اعمال کا حساب دینا پڑے گا۔

علامہ جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں رائج وہ تمام علوم جو انسانیت کیلئے فائدہ مند ہیں چاہے وہ جدید سائنسی علوم ہوں، جدید طبی علوم ہوں یا جدید معاشرتی علوم وہ سب دین کی نظر میں پسندیدہ علوم ہیں اور اسی وجہ سے وہ سب علوم بھی دینی علوم کا درجہ رکھتے ہیں کیونکہ اللہ نے دین و دنیا میں جدائی نہیں بلکہ یکسوئی رکھی ہے اور تمام فقہا کی نظر میں تمام علوم کے ماہرین کی نصیحت پر عمل کرنا واجب ہے اور موجودہ کرونا وائرس کی بھیانک صورتحال میں بھی ماہرین صحت کیطرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر اور طریقہ علاج پر عمل پیرا ہونا عوام پر واجب ہے تاکہ انسانیت کو ایک مضبوط نظام تقویٰ کے زیرِ انتظام لاکر ہر قسم کے مادی اور روحانی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 929169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش