0
Sunday 25 Apr 2021 15:14

دنیا بھر میں حکمران عوام کا اور عمران خان چندے کا سوچتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

دنیا بھر میں حکمران عوام کا اور عمران خان چندے کا سوچتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ، دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے، ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، وزیراعظم ہاؤس کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں، جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کر پا رہے، وزیراعظم صاحب، ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خاتمے کے دعویدار عمران خان کرائے کے گھر میں رہنے والے عام آدمی کا مہینے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں، اس وزیراعظم کے ہوتے کوئی ایک عید ایسی نہیں گزرے گی، جس میں مہنگائی کی وجہ سے نئے کپڑے بنانا بھی ایک گھرانے کیلئے آسان ہو، کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کر عوام کو چینی کے حصول کیلئے لمبی قطار میں کھڑا کر دیا گیا ہے، دنیا بھر کے حکمران اپنے عوام کے فائدے کا سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں، ان کی تبدیلی یہ ہے کہ اپنے سرمایہ دار دوستوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر عام آدمی کو مہنگائی کے شکنجے میں کس دیا جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ لنگر خانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کو کچھ کرکے دکھانا ہوگا، آپ نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 68 روپے زیادہ دینے والے عام آدمی کو روٹی کے نوالے تک سے محروم کرنے کی کوشش کی، جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہوکر زیادہ منافع کے حصول کیلئے ہر چیز مہنگی کر دیتا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کے جرائم کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 3 سال تبدیلی کیلئے کم ہیں تو 8 سالوں میں خیبرپختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کے مہنگے علاج کے علاوہ اور کیا تبدیلی آئی؟ عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اور استعفی دے کر گھر جائیں۔
خبر کا کوڈ : 929172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش