0
Monday 26 Apr 2021 03:50

 کورونا ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے فوج کو طلب کر کے حکومت نے اپنی نااہلی تسلیم کر لی ہے، سراج الحق

 کورونا ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے فوج کو طلب کر کے حکومت نے اپنی نااہلی تسلیم کر لی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی پاسداری کیلئے فوج تعینات کرنے کی مثال پوری دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ مدینہ کی ریاست بنانے والے نجانے کس جانب چل پڑے ہیں۔ یکساں نصاب تعلیم کی آڑ میں مغربیت اور لبرل ازم کا فروغ کبھی قبول نہیں کریں گے۔ کشمیر کے حوالے سے حکمران 22 کروڑ عوام کے دلوں کی ترجمانی نہیں کر رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی سے گفتگو میں کیا۔ منصورہ لاہور میں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ کورونا کے اثرات سے بچانے کیلئے گزشتہ سال دیا گیا 1200 ارب روپے کا ریلیف پیکج ہوا میں تحلیل ہو گیا۔ کورونا وبا کے دوران حکومت اسپتالوں میں سہولیات فراہم کرنا تو درکنار عملے کو سینی ٹائزر اور حفاظتی کٹس بھی مکمل طور پر فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ کورونا ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے فوج کو طلب کر کے حکومت نے اپنی نااہلی تسلیم کر لی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال تشویشناک حد تک خطرناک ہو چکی ہے، حکومت فوری طور پر وسیع پیمانے پر ویکسین کا انتظام کرے۔ حکومتی دعوو ں کے برعکس پاکستان میں ویکیسن لگانے کی شرح ایشیا میں سب سے کم ہے۔ دنیا میں اب تک ایک ارب سے زائد لوگوں کو کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ترقی پذیر ممالک ہی نہیں، کئی غریب ممالک بھی اپنے لوگوں کو کورونا ویکسین لگانے میں پاکستان سے بہت آگے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جس نصاب کو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اگر وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق نہ ہوا تو بھرپور مزاحمت کے ذریعے اسے واپس لینے پر مجبور کر دیں گے۔ نصاب تعلیم کی تیاری میں نظریاتی ذہن رکھنے والے ماہرین تعلیم اور علما کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔ این جی اوز کے کہنے پر اقلیت کو خوش کرنے کیلئے اکثریت کا گلا گھونٹنا نہ جمہوریت ہے اور نہ ہی دانشمندی، لوگ اپنے بچوں کو سیرت النبی اور اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ نصاب تعلیم سے متعلق فیصلے میں اسلامیان پاکستان کی اکثریت کے جذبات کا خیال رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 929255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش