0
Monday 26 Apr 2021 16:56

خیبر پختونخوا میں صحت سہولیات کا شدید فقدان ہے، مشتاق خان

خیبر پختونخوا میں صحت سہولیات کا شدید فقدان ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی نے خیبر پختونخوا کے اعلیٰ ترین تدریسی ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کرتے ہوئے انہیں مزید تباہی اور تنزلی سے دوچار کردیا ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور جیسے صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال میں گزشتہ روز ہسپتال کے دروازے پر خاتون کا بچے کو جنم دینا انتہائی افسوسناک اور شرمناک واقعہ ہے، جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اس واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ آٹھ سال سے خیبر پختونخوا میں برسراقتدار تحریک انصاف حکومت کی کل کی کارکردگی صرف اور صرف جھوٹے دعوؤں اور سوشل میڈیا تک محدود ہے۔ وزیراعظم کے چہیتے کزن نوشیروان برکی نے اصلاحات کے نام پر محکمہ صحت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے اعلیٰ اور بڑے تدریسی ہسپتال شدید بحران کا شکار ہیں۔ نوشیروان برکی کے نامناسب روئے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے سینئر اور قابل ڈاکٹر بڑے تدریسی ہسپتالوں سے استعفے دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی فراہمی کی بندش کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس کی تمام تر ذمہ داری ہسپتال کی نااہل انتظامیہ پر عائد کی گئی، اب لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایسا شرمناک واقعہ انتظامیہ کی کل کاکردگی کو بے نقاب کرتا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرکے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 929324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش