0
Monday 26 Apr 2021 17:01

سندھ حکومت کا تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان

سندھ حکومت کا تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام جامعات، کالجز اور تمام اسکولز سمیت سرکاری دفاتر بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر اور اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے بند کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے اور سیکریٹریز اپنا ضروری اسٹاف دفتر بلائیں گے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا صورتحال میں ہم نے اسپتالوں کی سہولتوں میں اضافہ کیا، سندھ میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی سب سے کم شرح ہے اور صحتیاب مریضوں کی شرح 94 فیصد ہے، جبکہ پاکستان میں یہی شرح 84 فیصد ہے، اسی طرح پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کورونا سے اموات کی شرح 2.7، جبکہ سندھ میں 1.75 فیصد ہے، اس سب کے باوجود ہم گبھرائے ہوئے اور پریشان ہیں، پچھلے 7 روز میں سندھ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، اسی طرح ہمارے صوبے میں اموات بھی بڑھی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیشنل کوآرڈیشن کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں سندھ نے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کی تجویز رکھی تھی، جو کہ نہیں مانی گئی، ہم نے کہا تھا وفاقی حکومت اقدام نہیں کرے گی تو ہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مردان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 31، پشاور میں 24 اور لاہور میں 18 فیصد ہے، سندھ میں کورونا مریضوں کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے، ایک ہفتے میں کراچی کے ضلع شرقی میں مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد، حیدرآباد میں 16 فیصد، کراچی جنوبی میں 12 فیصد، کراچی وسطی میں 9 فیصد، جبکہ ملیر میں 6 فیصد شرح ہے، ہماری صورتحال بہتر ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بیڈز بھر جائیں تو پابندی لگائیں، اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے ہم نے کچھ سخت فیصلے لئے ہیں، سرکاری اداروں میں زیادہ سے زیادہ حاضری 20 فیصد کر دی گئی ہے، ملازمین جن شہروں میں رہ رہے ہیں وہیں رہیں، ان کی چھٹی نہیں ہے، وہ فون پر رابطے میں رہیں اور گھروں سے کام کریں، دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کر دیئے ہیں، اسکول کالج اور یونیورسٹیاں بند کر دی گئی ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نجی دفاتر میں 50 فیصد ملازمین کی ہدایت پر عمل نہیں ہو رہا، ہم نجی دفاتر کو مانیٹر کریں گے، 50 فیصد ملازمین کی پالیسی پر عمل نہ کرنے والے دفاتر سیل کر دیں گے، بازاروں میں ایس او پیز پر عمل کیا جائے، دکاندار یقینی بنائیں کہ کوئی شخص بغیر ماسک دکان میں داخل نہ ہو، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکان سیل کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ کو اب تک وفاق سے سائنو فام کی 5 لاکھ 62 ہزار، 11 ہزار کین سائنو  وفاقی حکومت سے ملی ہیں، آج وفاق سے ایک لاکھ سائنو فام کی مزید خوراکیں ملیں گی، ہم نے ویکسین منگوانے کی بہت کوشش کی ہے، لیکن چین اور روس کے علاوہ کہیں اور سے ویکسین نہیں مل رہی، چین اس حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کرنے کو ترجیح دیتا ہے، ویکسین کے حصول کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 929328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش