QR CodeQR Code

عیدالفطر کب ہوگی، رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیشنگوئی کردی

26 Apr 2021 21:32

پاکستان میں شوال المکرم کے چاند کی پیدائش 11 اور 12 مئی کی رات 12 بجے ہوگی جبکہ عیدالفطر 13 کی بجائے 14 مئی بروز جمعہ ہونے کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالفطر کی تاریخ سے متعلق اہم پیش گوئی کردی۔ اس سال ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز تو ایک ہی دن سے ہوا ہے تاہم عیدالفطر کے چاند کی رویت پر تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے، پاکستان میں شوال المکرم کے چاند کی پیدائش 11 اور 12 مئی کی رات 12 بجے ہوگی جبکہ عیدالفطر 13 کی بجائے 14 مئی بروز جمعہ ہونے کا امکان ہے۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 29 رمضان المبارک یعنی بدھ 12 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو عمومی طور پر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے وہ اگرچہ لاہور میں 18 گھنٹے 50 منٹ، مظفر آباد میں 18 گھنٹے 58 منٹ، راولپنڈی، اسلام آباد اور گلگت میں ٹھیک 19 گھنٹے جبکہ پشاور اور کراچی میں 19 گھنٹے پانچ منٹ، کوئٹہ میں 19 گھنٹے 17 منٹ اور جیوانی میں ملک بھر میں سب سے زائد 19 گھنٹے 27 منٹ ہو چُکی ہو گی۔

غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق جو عمومی طور پر کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیئے وہ لاہور میں 35 منٹ جبکہ دیگر شہروں یعنی پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت، کراچی، کوئٹہ اور جیوانی میں 36 منٹ ہو گا لہٰذا 12 مئی 2021 ء بمطابق 29 رمضان المبارک کی شام پاکستان کے کسی بھی علاقے میں ننگی آنکھ سے یعنی بغیر بصری آلات کی مدد کے رویتِ ہلال کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد 14 مئی2021ء کو ہوگی۔ مرکزی رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ اگر مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان نے 29 رمضان المبارک بمطابق 12 مئی کی شام پاکستان کے کسی بھی علاقے سے رویتِ ہلال کی جھوٹی شہادتوں کو قبول کرتے ہوئے جمعرات 13 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا تو پھر اس شک کو تقویت ملے گی کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پرانی رویتِ ہلال کمیٹی کی تحلیل اور نئی رویتِ ہلال کمیٹی کی تشکیل کے بعد شعبان المعظم کا آغاز بھی جان بوجھ کر ایک دِن بعد کیا گیا تھا تاکہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی طرح پاکستان کے مسلمان بھی اپنے مذہبی تہوار اپنے اصل ایام پر نہ منا سکیں.

واضح رہے کہ اس سال رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا تھا اور ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب شوال المکرم کے آغاز یعنی عیدالفطر کا شرعی اعلان بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد ہی کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 929374

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929374/عیدالفطر-کب-ہوگی-رویت-ہلال-ریسرچ-کونسل-نے-پیشنگوئی-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org