QR CodeQR Code

خفیہ ایجنسیاں دھرنے کے شرکاء کو دھمکیاں دے رہی ہیں

حکومت لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام، عمران خان یزیدیت کی تاریخ کی تکرار کر رہے ہیں، علامہ احمد اقبال

چیف جسٹس آخر کیوں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سوموٹو نہیں لیتے

26 Apr 2021 22:18

مزار قائد کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد کو بازیاب نہیں کیا گیا تو صدر پاکستان کے گھر کے باہر احتجاج کرینگے، یوم علی علیہ السلام کی مجالس عزاء شاہراوں پر منعقد ہونگی، یوم القدس کے جلوس کو گورنر ہاؤس کی طرف بھی موڑ سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنماؤں علامہ مختار امامی، علامہ احمد اقبال رضوی، عارف حسین الجانی، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ کاظم عباس نقوی، علامہ مبشر حسن نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کیخلاف مزار قائد کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ کانفرنس سے خطاب میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماu علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے مسلسل لاقانونیت اور آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، مزار قائد پر پچیس دنوں سے جاری احتجاج سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے چہرے گرمی سے جھلس گئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت انصاف نہیں کر رہی ہے، تبدیلی کے نام پر قائم حکومت لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے، عمران خان یزیدیت کی تاریخ کا تکرار کر رہے ہیں۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ بھارت سے نہیں ہیں، نہ ہی لاپتہ افراد کے بچے یورپی یونیورسٹیز میں پڑھ رہے ہیں، یہاں مزار قائد پر بیٹھے ہیں، چیف جسٹس پاکستان اور آرمی چیف سے گزارش ہے کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی داد رسی کریں، صدر پاکستان عارف علوی نے وعدہ کیا تھا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہوگا، اگر صدر پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس کے بچوں کو ریاستی ادارے اغواء کریں تو آپ کے گھر والوں پر کیا گزرے گی، 24 دنوں سے دھرنا جاری ہے، بلاول بھٹو، مریم نواز اب تک اس دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرنے نہیں آئے، اگر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی عوام کو مسنگ کرنے کے مخالف ہیں تو قائدین یہاں آکر دادرسی کریں۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیاں دھرنے کے شرکاء کو دھمکیاں دے رہی ہیں، ان سے گزارش ہے کہ لاء اینڈ فورسنگ ایجنسیاں لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کریں، خفیہ اداروں کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، ہمارا دھرنا ہزاروں کی تعداد میں روزانہ جاری ہے، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کے ہم ملک گیر احتجاج کرکے ملکی شاہراہوں کو بند کر دیں، اگر لاپتہ افراد کو بازیاب نہیں کیا گیا تو صدر پاکستان کے گھر کے باہر احتجاج کریں گے، یوم علی علیہ السلام کی مجالس عزاء شاہراوں پر منعقد ہونگی، مطالبہ کرتے ہیں کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، ورنہ یوم القدس کے جلوس کو گورنر ہاؤس کی طرف بھی موڑ سکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس، آرمی چیف ہمارے مطالبات پر ایکشن لیں گے، ہم سندھی، بلوچ اور دیگر قوموں کے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہمارے نوجوان لاپتہ ہیں، ملت جعفریہ کو بند گلی میں دھکیلنے کی سازش کو ناکام بنا دیں گے، ہمارا احتجاج ہمیشہ وطن عزیز کی سالمیت کیلئے پرامن رہا ہے، آخری لاپتہ فرد کی بازیابی تک جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ہیں۔ کانفرنس سے آئی ایس او کے مرکزی صدر عارف الجانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ وفاقی حکمران بے حسی دکھا رہے ہیں، عمران خان نے کہا تھا کہ مسنگ پرسنز کی بازیانی کا مسئلہ میری اولین ترجیحات میں سے ہوگا، وزیر اعظم اگر خود یہاں نہیں آسکتے تو اپنے وفاقی وزراء کو یہاں مذاکرات کیلئے بھیجیں۔

عارف الجانی نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پرامن طریقے سے منظور نہیں کریں گے تو پھر پالیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، مرکزی جلوس عزاء ایوانوں کی طرف موڑ دیئے جائیں گے، چیف جسٹس آخر کیوں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سوموٹو نہیں لیتے، ایسا لگتا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، یہاں قانون شکن لوگوں کو اہمیت دی جاتی ہے، راتوں کو چادر و چار دیواری کو پامال کرکے وردی میں نوجوانوں کو اغواء کر لیا جاتا ہے، ملت جعفریہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہے، جو بھی اعلان کیا جائے گا، اس پر لبیک کہا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 929379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929379/حکومت-لاپتہ-افراد-کو-بازیاب-کرانے-میں-ناکام-عمران-خان-یزیدیت-کی-تاریخ-تکرار-کر-رہے-ہیں-علامہ-احمد-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org