0
Monday 26 Apr 2021 22:58

گلگت بلتستان کا پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو بنانے کا فیصلہ

گلگت بلتستان کا پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو بنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کا پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ اہم حکومتی زرائع کے مطابق حال ہی میں گلگت بلتستان سے متعلق وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس جس میں وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری بھی شریک تھے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو بنایا جائے گا اور پی ایس ڈی پی کے امور کو چیف سیکرٹری ہی دیکھے گا۔ اس اجلاس کے منٹس بھی جاری ہو چکے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری کو پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر تعینات کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ڈی پی کا پراجیکٹ ڈائریکٹ وفاق کی جانب سے تعینات کیا جائے گا تاہم اس میں صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کی لازمی مشاورت شامل ہوگی۔ذرائع کے مطابق ایک ماہ کے اندر اندر چیف سیکرٹری کو پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر کے اختیارات تفویض کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ کی بھی کوشش تھی کہ چونکہ چیف سیکرٹری وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اس لیے وفاقی پراجیکٹس کیلئے پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو ہی بنایا جائے کیونکہ گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں سال میں صرف چھ سے آٹھ ماہ ہی کام ہو پاتا ہے اس لیے چیف سیکرٹری کو پی اے او بنانے سے ترقیاتی پراجیکٹس کے امور کو بہت جلد نمٹانے میں آسانی ہوگی اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں کا پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر سیکرٹری کشمیر افیئرز ہوتا ہے۔ وزارت امور کشمیر  گلگت بلتستان میں ہی پی ایس ڈی پی کے تمام منصوبوں کی نگرانی کرتی ہے، منصوبوں کی فنڈنگ کی ریلیز، پلاننگ اور ٹینڈر وزارت امور کشمیر میں ہی انجام پاتا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کا اختیار وزارت امور کشمیر کے پاس ہونے سے ان منصوبوں کی تکمیل سست روی کا شکار ہوتی ہے۔ منصوبوں کی فنڈنگ کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوتی ہے۔

اس سے پہلے نون لیگ کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری کو بنایا ہے لیکن اس پرعمل کبھی نہ ہو سکا۔ اس سے پہلے گلگت بلتستان میں جتنی بھی وفاقی سکیمیں شروع ہوئیں ان کے ٹینڈر اسلام آباد میں ہی ہوئے اور پی ڈی (پراجیکٹ ڈائریکٹر) بھی وہیں سے ہی تعینات ہوئے۔ اب حکومتی زرائع کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف عملی بنیادوں پر چیف سیکرٹری کو اختیارات تفویض کریگی اور پرنسپل اکاﺅنٹنگ آفیسر چیف سیکرٹری ہونگے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں وزارت امور کشمیر نے ایک ایس او پی جاری کرتے ہوئے وفاقی منصوبوں کی پلاننگ، پالیسی اور تکمیل سیکرٹری امور کشمیر کے زریعے ہی مکمل کرانے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی تنبیہ بھی کی گئی تھی کہ اگر اس معاملے میں کسی بھی چیف انجینئر اور سیکرٹری نے مداخلت کی تو ان کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 929385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش