0
Tuesday 27 Apr 2021 02:07

پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر عوام، خود اس کے اتحادی اور ممبران بھی خوش نہیں، لیاقت بلوچ 

پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر عوام، خود اس کے اتحادی اور ممبران بھی خوش نہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر غیرحقیقت پسندانہ، خودپسندی اور جانبداری کا بیانیہ پیش کیا ہے۔ ملک و ملت کے حالات اور وزیراعظم کی اتحادی حکومت کی کارکردگی کے دعوے بائیس کروڑ عوام پر عیاں ہیں۔ ڈھائی سال میں ریاست مدینہ نظام، احتساب سب کا، اسٹیٹس کو توڑنے، مسئلہ کشمیر پر ٹیپو سلطان کا کردار ادا کرنے سے یوٹرن کا ہی کردار ہے۔ اقتصادی ناکامی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ خوار ہوگیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عمران خان نے تحریک انصاف بنانے کے بعد 2013ء کے مینار پاکستان جلسہ عام تک درست سمت میں جدوجہد کی۔ ہر قیمت پر اقتدار حاصل کرنے کے نشہ نے تحریک انصاف کی سیاست کو 2013ء کے بعد کمپرومائز، مافیاز سے گٹھ جوڑ اور غیرجمہوری، غیرپارلیمانی سیاسی طرز عمل کا شکار کردیا۔ عمران خان سرکار سب کے احتساب کے نعرہ کی تکمیل میں بھی ناکام رہی۔ حقیقت میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر عوام اور خود اس کے اتحادی اور ممبران بھی خوش نہیں۔ حکومت عوام سے معافی مانگے اور ناکامی نااہلی کا اعتراف کر کے عوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وبا خطرناک شکل اختیار کر گئی ہے، بڑے شہر بری طرح متاثر ہیں، کرونا وبا کے سدباب کے لیے کوئی متفقہ قومی ایکشن پلان نہیں بنایا جاسکا۔ وفاق، صوبے اور ریاستی ادارے اپنی اپنی ڈفلی بجارہے ہیں۔ عوام کی جانوں کو شدید خطرات لاحق کر دیے گئے ہیں، کورونا اور کشمیر پر مودی اور عمران خان ایک پیج پر ہیں، عالمی کانفرنسوں میں تجاویز بجا لیکن اپنے ملک میں تو اپنے حالات بہتر کرنے کے لیے قومی ترجیحات پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ کرونا پر حکومتی بے تدبیری نے سب سے زیادہ تعلیم کے سیکٹر کو متاثر کر دیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے جاری منفی اثرات مدت تک مستقبل کو تاریک بنائے رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 929416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش