QR CodeQR Code

روایتی اعلانات کے زریعے عوام کی تقدیر نہیں بدلی جا سکتی، وزیراعظم علیحدہ صوبے کا وعدہ پورا کریں، میاں نوراحمد سہو

27 Apr 2021 02:40

پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدرکا ملتان میں وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب سے غربت اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا، دو دو کلو چینی کیلئے عوام کی لائنیں گڈگورننس کے منہ پر طمانچہ ہیں، سیکرٹریٹ صوبے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدر میاں نور احمد سہو نے ملتان میں وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی ترقیاتی منصوبوں کے روایتی اعلانات کے زریعے عوام کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی مگر روایتی اعلانات کے زریعے عوام کی تقدیر نہیں بدلی جاسکتی، اس خطے کے عوام کی تقدیر صرف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے ذریعے بدلی جاسکتی ہے، لہذا وزیراعظم جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کا اعلان کریں۔ سیکرٹریٹ کبھی بھی صوبے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ گذشتہ ایک سال سے سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز اور دیگر عملے کو بے اختیار رکھا گیا اور سرکار خزانے سے کروڑوں روپے ضائع کئے گئے۔ اگر سیکرٹریز کو بے اختیار رکھ کر تمام معاملات لاہور سے ہی چلانے ہیں تو پھر سیکرٹریٹ کی عمارت پر اربوں روپے لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس خطے کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور مہنگائی ہے مگر وزیراعظم نے حسب معمول ان مسائل کو نظرانداز کیا اور جنوبی پنجاب سے غربت اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا۔ دو دو کلو چینی اور پانچ کلو آٹے کے تھیلے کیلئے لمبی لمبی لائنیں گڈگورننس کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ حکمران عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں اور عوام کو گھنٹوں لائنوں میں کھڑا رہنے کی اذیت سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ بجٹ اور ملازمتوں میں علیحدہ کوٹہ کے اعلانات خوش آئند ہیں، مگر یہ اعلانات بھی سابقہ تجربات کی طرح سرخ فیتے کی نذر نہ ہوجائیں۔ جب تک عوام کو ان کے حقوق نہیں ملتے اس وقت تک تبدیلی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔


خبر کا کوڈ: 929422

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929422/روایتی-اعلانات-کے-زریعے-عوام-کی-تقدیر-نہیں-بدلی-جا-سکتی-وزیراعظم-علیحدہ-صوبے-کا-وعدہ-پورا-کریں-میاں-نوراحمد-سہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org