0
Tuesday 27 Apr 2021 21:57

بلوچستان عوام کا اعزاز ہے کہ اس نے قدس کیلئے اپنے خون کا نذرانہ دیا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

بلوچستان عوام کا اعزاز ہے کہ اس نے قدس کیلئے اپنے خون کا نذرانہ دیا ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے عوام مظلوم ہیں کہ جن کی سرزمین پر اسرائیل نے غاصبانہ قبضہ کیا ہے اور فلسطینی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں، لہذا دنیا بھر کی تمام اقوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کریں، بلوچستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے یوم القدس کے موقع پر تحریک آزادی فلسطین و مسجد اقصی کی راہ میں اپنے خون کا نذرانہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال بلوچستان کے عوام اکیسویں صدی میں بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں، انہیں آج بھی پینے کا صاف پانی تعلیم صحت اور روزگار میسر نہیں، بنیادی حقوق سے محروم علاقوں کی ترقی پر حکومت توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بلوچستان کے اندر نظر آنے چاہیں۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہم فلسطین کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین کے عوام کے درد کو سمجھتے ہیں، انشاء اللہ فلسطین فاؤنڈیشن کی گول میز کانفرنس میں نیشنل پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد شریک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے بلند و بالا دعووں کے باوجود آج بھی بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ گوادر کی ترقی کے دعوے دار اب تک گوادر کے عوام کو پینے کا صاف پانی نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بارڈر پر موجود عوام کا ذریعہ معاش بارڈر تجارت سے وابستہ ہے لہذا انہیں قانونی تجارت کرنے کا حق دیا جائے، آئے روز بارڈر کی بندش سے لوگوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے، ہم نوجوانوں میں تعلیم کا فروغ چاہتے ہیں کیونکہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے، اس لئے میں نے اپنے علاقے میں لائبرریاں قائم کی ہیں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جناب رحمت صالح بلوچ کو لائبریریز کے لئے کتب کا ایک سیٹ ہدیہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 929564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش