QR CodeQR Code

یکساں نصاب کے نام پر اسلامی شناخت ختم کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی، علامہ سبطین سبزواری

28 Apr 2021 18:18

ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ حکمران رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہلبیت اطہار سے عشق کو ختم کرنے کی سازش سے باز رہیں، اسلامی تہوار اور سرور کائنات (ص) و اہلبیتؑ سے منسوب ایام مقدسہ عید میلاد النبی، محرم الحرام، صفر، شب معراج، شب برات اور دیگر تہوار اسلامی معاشرے کا حصہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ یکساں نصاب کے نام پر پاکستانی معاشرے کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکمران رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور اہل بیت اطہار سے عشق کو ختم کرنے کی سازش سے باز رہیں، اسلامی تہوار اور سرور کائنات (ص) و اہلبیتؑ سے منسوب ایام مقدسہ عید میلاد النبی، محرم الحرام، صفر، شب معراج، شب برات اور دیگر تہوار اسلامی معاشرے کا حصہ ہیں، انہیں اردو ادب سے نکالنا خطرناک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، اسلامی ثقافت، بنیادی عقائد توحید، نبوت، عدل، امامت اور قیامت آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ شعیب سڈل کمیشن رپورٹ پر تشویش اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ قرآن و سنت کی تشریح ہر مکتبہ فکر کے نزدیک مسلمہ ہے، اسلامی مشترکات کو یکساں نصاب میں شامل کیا جائے، یکساں نصاب پر کسی ایک مسلک کا نظریہ بھی قبول نہیں کیا جائے گا، یک مسلکی نصاب تعلیم نہ بنایا جائے۔
 


خبر کا کوڈ: 929639

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929639/یکساں-نصاب-کے-نام-پر-اسلامی-شناخت-ختم-کرنیکی-اجازت-نہیں-دی-جائیگی-علامہ-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org