0
Wednesday 28 Apr 2021 18:23

ویکسین کے عمل میں عمر کی شرط ختم ہونی چاہیئے، مرتضیٰ وہاب

ویکسین کے عمل میں عمر کی شرط ختم ہونی چاہیئے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہےکہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں حکومت کو سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ویکسین کے عمل میں عمر کی شرط ختم ہونی چاہیئے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو تدابیر ہم نے پہلے کی تھی وہ اس لہر میں بھی اختیار کرلیں کیونکہ عید اور رمضان اگلے سال پھر آئیں گے لیکن اگر کوئی پیارا بچھڑ گیا تو وہ واپس نہیں آئے گا۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت فیصلے صرف حکومت نے نہیں کرنے بلکہ عوام بھی ساتھ دے، شہریوں سے گزارش ہے کہ ماہ رمضان میں گھر میں بیٹھ کر عبادت کریں۔ مرتضیٰ وہاب نے شوگر انکوائری رپورٹ کو موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے نوٹس لینے سے چینی 80 روپے سے بڑھ کر 108 روپے کلو تک پہنچ گئی۔

اُنہوں نے وفاقی حکومت کو سخت اقدامات کرنے سمیت عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہمارے ملک میں بھی کورونا وائرس کی صورتحال خطرناک ہے، ویکسین فراہمی کے لئے وفاقی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، جو لوگ صاحب استطاعت ہیں وہ نجی سیکٹرز سے ویکسین لگوائیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ روز ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ویکسین لگوائی، یہ خوش آئند ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ آج 50 ہزار کورونا ٹیسٹ یومیہ ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب یہ حکومت آئی تو اس وقت 55 روپے فی کلو چینی تھی اور اب چینی 55 سے 80 روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ جب چینی کی قیمت 80 روپے تک پہنچی تو عمران خان نے نوٹس لیا، جب کپتان نے نوٹس لیا تو چینی 80 روپے سے سنچری کرگئی۔ مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ میں ہے کہ سب سے بڑا اسٹیک جہانگیر ترین کا ہے، اومنی گروپ کا اسٹیک 1.6 فیصد ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر دنیا بھر کی چیزوں کا نوٹس لیتے ہیں، شوگر انکوائری رپورٹ موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق چینی کی قلت چینی ایکسپورٹ کرنے کی وجہ سے ہوئی اور قلت بڑھنے سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگایا گیا اور کسی کو این آر او نہیں دوں گا کی رٹ لگانے والوں سے کوئی سوال نہیں پوچھ رہا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسد عمر اور رزاق داؤد سے کوئی سوال نہیں پوچھ رہا، شیخ رشید ریلوے کے وزیر تھے اعظم سواتی کہتے ہیں ریلوے تباہ ہوگئی، فواد چوہدری نے وینٹیلیٹرز بنانے کی بات کی ہم نے مبارکباد دی، اب نئے وزیر شبلی فراز کہتے ہیں وینٹیلیٹرز بیکار ہیں، صرف اعلانات ہیں یہ بیکار کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشیر میمن نے ایک نیا اسکینڈل افشاں کیا ہے، وزیراعظم خود چیزوں میں ملوث تھے ایک ایسے کیس میں جس کو سپریم کورٹ غلط قرار دے چکی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں بشیر میمن کی تعریف کی جاتی تھی، بشیر میمن کے الزامات پر کمیشن بننا چاہیئے، اومنی گروپ کو تین سال سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 929702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش