0
Wednesday 28 Apr 2021 18:54

عمران خان ووٹ چوری کرکے آئے اور ہم پر مسلط ہوئے، مریم نواز

عمران خان ووٹ چوری کرکے آئے اور ہم پر مسلط ہوئے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک دہشت گرد بیٹھا ہے، جو اداروں کو ملوث کرکے ڈرا دھمکا کر اپوزیشن کو قید کرنے کا کہتا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مافیاز کے گینگز نے کبھی ایسی حرکتیں نہیں کیں، جو وزیراعظم ہاؤس سے کی جا رہی ہیں، تاریخ میں کبھی وزیراعظم آفس کے اندر گھناؤنے جرائم کا ارتکاب نہیں ہوا، اداروں کے سربراہ کو بلا کر کہا جاتا ہے کہ مقدمات بنائیں، سیاسی انجینئرنگ کیلئے ادارے استعمال کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم ہاؤس میں ایک دہشت گرد بیٹھا ہوا ہے، وزیراعظم اداروں کو ملوث کرکے ڈرا دھمکا کر اپوزیشن رہنماؤں کو قید کرنے کا کہتے ہیں، لوگوں کو سمجھ آگیا ہے کہ مافیاز یا گینگ کیا ہوتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بشیر میمن ایک ادارے کے سربراہ تھے اور ادارے کا سربراہ ذمہ داری سے بات کرتا ہے، ان کرداروں کو ہم کچھ نہیں سمجھتے، اصل بات ہے حکومت کے سربراہ نے کہا کہ فلاں کو جیل میں ڈالو، اس طرح تو ڈان یا گینگ کے سربراہ کہتے ہیں۔ ارشد ملک کی ویڈیو جب میرے پاس آئی تو قوم کے سامنے رکھی، جسٹس شوکت عزیز کی گواہی آن ریکارڈ ہے، اب بشیر میمن کی گواہی آگئی ہے،  بشیر میمن کے انکشافات تو آج سامنے آئے اور بھی بہت سی گواہیاں آئیں گی، جسٹس فائز نے ایک دہشتگرد جو پی ایم ہاؤس میں بیٹھا ہے اس کی سازشوں کا مقابلہ کیا، اگر یہ جج دب جاتے اور آواز نہ اٹھاتے تو ان کا بھی آج کہیں ذکر نہ ہوتا، مجھے خوشی ہے قوم کوب شیر میمن کی ایک ایک چیز پتہ چل گئی، اتنی سیاسی انجینئرنگ کے باوجود نتیجہ کیا رہا، حکمرانوں کو پھر بھی ہر محاذ پر نااہلی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی مثال نہیں ملتی، دنیا میں آپ منہ دکھانے کے قابل نہیں،  ان کے خلاف بڑی بڑی گواہیاں آرہی ہیں۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ عمران خان ووٹ چوری کرکے آئے اور ہم پر مسلط ہوئے، پاکستان میں عوام پر مہنگائی اور لاقانونیت کا عذاب آیا ہوا ہے، دنیا میں آپ کی فلائٹس اور پاسپورٹ پر پابندی لگ رہی ہے، ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، پاکستان کے شہر کوڑے کے ڈھیر بن گئے اور گورننس نام کی چیز نہیں، وزیراعظم ہاوس کو استعمال کرکے سازشیں کی جا رہی ہیں، عمران خان ناکام ہوگئے ہیں اور اب سیاسی شہید نہیں بن سکتے، جتنی جلدی سے حکومت سے جان چھٹ جائے اچھا ہے، اگر پیپلزپارٹی استعفوں میں شامل ہو جاتی تو اس وقت حکومت گھر جاچکی ہوتی، (ن) لیگ اور پی پی کے درمیاں کوئی اختلاف نہیں، سیاسی جماعتیں اختلافات کے باوجود بھی ایک دوسرے کے ساتھ چلتی ہیں، یہ عوام کے حقوق کی جنگ ہے، یہ عوام کو نالائق اور نااہل، مسلط شدہ حکومت سے چھٹکارا دلانے کی جنگ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاوَس میں قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سازش کی گئی، قاضی فائز عیسی کیسز میں وزیراعظم کے اوپر لگنے والے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جسٹس شوکت عزیز کی بات سنی جائے اور انہیں انصاف دیا جائے، ججز کو بلیک میل کرکے غلط فیصلے کرنے پر وزیراعظم پر مقدمہ بننا چاہیئے، قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹے ریفرنس کی سازش پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتی ہوں، آپ نے سٹنگ جج کا کہا کہ اسے گرفتار کرو، یہ بڑا معاملہ ہے، مسلم لیگ نون اس کو نہیں جانے دے گی، عدلیہ سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو خود دیکھے۔
خبر کا کوڈ : 929707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش