QR CodeQR Code

حکومت کورونا کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائے، سینیٹر مشتاق خان

28 Apr 2021 23:39

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم اسٹریٹیجیز بنائی جائیں۔ لاک ڈاؤن کرنا ہے تو اے پی سی میں فیصلہ ہو کہ لاک ڈاؤن کیسا ہوگا اور غریبوں کو کیا پیکج دیا جاسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکمران اور عوام اللہ کی طرف رجوع کریں اور اللہ سے جڑ جائیں۔ حکمران استغفار کی تحریک کی قیادت کریں اور خود بھی گناہوں اور اللہ کی نافرمانی کو چھوڑ دیں اور عوام کو بھی تلقین کریں۔ حکومت کورونا کے معاملے پر سولو فلائٹ لینے کا سوچ رہی ہے لیکن یہ کسی اکیلے کا کام نہیں۔ حکومت کورونا کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائے اور اس میں ڈاکٹرز، علماء اور میڈیا پرسنز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کرکے نیشنل ایکشن پلان کا اعلان کرے۔ اے پی سی میں شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم اسٹریٹیجیز بنائی جائیں۔ لاک ڈاؤن کرنا ہے تو اے پی سی میں فیصلہ ہو کہ لاک ڈاؤن کیسا ہوگا اور غریبوں کو کیا پیکج دیا جاسکتا ہے۔ ملک میں آکسیجن کی قلت کا شدید خطرہ ہے۔ بھارت جیسی صورتحال سے بچنے کے لئے اسٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹ کو چالو کرکے آکسیجن کی کمی کو ختم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں الخدمت ہسپتال کے کورونا وارڈ کے دورے کے موقع پر ہسپتال کے عملے اور بعد ازاں ویڈیو پیغام میں کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص، سیکرٹری جنرل شاکر صدیقی ، ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ پروگرام خیبر پختونخوا ڈاکٹر شکیل خان اور الخدمت ہسپتال کے ڈائریکٹر  بھی موجود تھے۔

مشتاق خان کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے لئے وینٹی لیٹرز کا اہتمام کیا جائے، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا پاکستانی وینٹی لیٹرز کے حوالے سے بیان تشویشناک ہے۔ بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ سابقہ وزیر قوم سے جھوٹ بولتے رہے، ملک میں کورونا ویکسینیشن کی شرح انتہائی کم ہے۔ حکومت پرائیویٹ اداروں اور این جی اوز کو بھی ویکیسن منگوانے کی اجازت دے تاکہ ویکسینیشن کا عمل تیز ہوسکے۔ کورونا کی وجہ سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز شہید ہورہے ہیں۔ ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے دس دنوں کے اندر 25 بیڈ کا کرونا ہسپتال قائم کر دیا۔ جس میں آئی سی یو، ایچ ڈی یو، سینٹرلائزڈ آکسیجن سسٹم، CPAP مشین، ونٹیلیٹرز، پورٹ ایبل ایکسریز، ماہر ڈاکٹرز، ایکویپڈ نرسنگ اسٹاف موجود ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کم وقت میں ایک بہترین ہسپتال کرونا کے مریضوں کے لیے قائم کیا اور عنقریب یہ 25 بیڈ سے 40 بیڈ تک کر دیا جائے گا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک میں روزانہ پانچ ہزار نئے کیسز آرہے ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ کورونا کی نئی قسم نوجوانوں اور بچوں کو بھی متاثر کررہی ہے۔ ابھی تک صرف ایک فیصد لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے، چند ملین ویکیسین آبادی کی تناسب سے کم ہیں۔ ویکیسینشن کا عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر آفت اور مصیبت میں قوم کی مدد کی ہے۔ کورونا کی اس وباء میں بھی قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ الخدمت ہسپتال کا عملہ کورونا کے مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لئے چاک و چوبند ہے۔ الخدمت ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 929737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929737/حکومت-کورونا-کے-مسئلے-پر-آل-پارٹیز-کانفرنس-بلائے-سینیٹر-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org