0
Thursday 29 Apr 2021 23:29

گلگت کے تاجروں نے لاک ڈائون مسترد کر دیا، ایس او پیز کے تحت کاروبار کی اجازت دینے کا مطالبہ

گلگت کے تاجروں نے لاک ڈائون مسترد کر دیا، ایس او پیز کے تحت کاروبار کی اجازت دینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ انجمن تاجران گلگت نے لاک ڈاون پالیسی کو مسترد کرتے ہوۓ سخت ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شاپنگ مالز ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر حسین اور جنرل سیکرٹری منتظر عباس و دیگر عہدیداروں نے سنٹرل پریس کلب گلگت میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدود وقت کیلئے مارکیٹ کھولنے سے زیادہ رش ہوتا ہے اور کورونا پھیلنے کا زیادہ اندیشہ ہے۔ مارکیٹ 24 گھنٹے کھل جائے تو ہجوم نہیں ہوگا اور ایس او پیز پر عمل کرنا بھی آسان ہوگا۔ لہذا حکومت لاک ڈاون کے فیصلے سے قبل تاجروں کو اعتماد میں لے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا پھیلنے کی شرح 5 فیصد سے بڑھ جانے والے علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ ہوا تھا۔ جبکہ گلگت اور گرد و نواح کے علاقوں میں کرونا پھیلنے کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ ایسے میں غیر ضروری لاک ڈاؤن کو گلگت کے تاجر کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہونے والے لاک ڈاون میں تاجر برادری سب سے زیادہ متاثر ہوئی مگر افسوس کوئی تعاون نہیں کیا گیا اور ریلیف بھی نہیں دی گئی۔ جتنا محدود وقت دیں گے اتنا زیادہ تیزی سے پھیلے گا۔ زیادہ اوقات کے لئے مارکیٹوں کھلی رہنے سے وقفے وقفے سے لوگ شاپنگ کریں گے۔ رمضان میں بارہ بجے کے بعد لوگ جاگتے ہیں، 6 بجے مارکیٹ بند کی گئی تو سامان خریدنے کے لئے تمام ہجوم بازار میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ ملتی ہے، الاوئنس بھی لیتے ہیں جبکہ تاجروں کی دکانیں بند ہونے سے بے شمار مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ دکانوں کا کرایہ دینا پڑتا ہے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر بہت سارے ایشوز کا سامنا ہے۔ گزشتہ لاک ڈاون کی وجہ سے 30 فیصد تاجروں نے اپنا کاروبار بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ نقصانات کا ازالہ کرے۔ تاجر برادری اس لاک ڈاون کو مکمل مسترد کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 929914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش