QR CodeQR Code

امت جب ایمان و یقین کیساتھ آگے بڑھتی ہے تو اللہ کی نصرت ساتھ ہوتی ہے، محمد حسین محنتی

30 Apr 2021 17:24

یوم بدر پر اپنے پیغام میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ جب تک عالم اسلام اپنے مسائل خود حل نہیں کرتا، دنیا مسلمانوں پر مسلط کردہ ظلم و جبر کے نظام کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے یومِ بدر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں جگہ جگہ مسلمان مظلوم ہیں، کشمیر، فلسطین، ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا اور ان کا ناحق خون بہایا جا رہا ہے، کشمیر اور فلسطین میں ہندوﺅں اور یہودیوں نے مسلمان علاقوں پر زبردستی قبضہ کرکے مسلمانوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اپنے پیغام میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں مظلوم مسلمانوں کی بجائے جارحیت اور ظلم و جبر کرنے والوں کا ساتھ دے رہی ہیں، نبی مہربانﷺ کے گستاخانہ خاکے بنائے جاتے ہیں اور قرآن عظیم الشان کو نذر آتش کیا جاتا ہے، عالمی استعمار کھل کر اسلام دشمنوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ان حالات میں ضرورت ہے کہ عالم اسلام متحد ہوکر امت کے مسائل کے حل اور اپنے مقبوضہ علاقوں کی آزادی کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے اور عالمی قوتوں سے مرعوب ہونے کی بجائے ناموس رسالتﷺ اور اسلامی شعار کے تحفظ کا دوٹوک اور واضح اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عالم اسلام اپنے مسائل خود حل نہیں کرتا، دنیا مسلمانوں پر مسلط کردہ ظلم و جبر کے نظام کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ہوگی۔ انہوں  نے کہا کہ یوم بدر کا پیغام یہ ہے کہ میدان جنگ میں کامیابی کا انحصار مادی وسائل سے زیادہ نظریاتی اور اخلاقی حیثیت پر ہے، بدر میں یہ ثابت ہوگیا کہ امت جب ایمان اور یقین کے ساتھ آگے بڑھتی ہے، تو اللہ کی نصرت اس کے ساتھ ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 929921

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/929921/امت-جب-ایمان-یقین-کیساتھ-آگے-بڑھتی-ہے-اللہ-کی-نصرت-ساتھ-ہوتی-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org