0
Friday 30 Apr 2021 14:41

ماضی میں پارٹی کے ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں، عمران خان

ماضی میں پارٹی کے ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کیں اور اکثر اس حوالے سے خیال آتا ہے کہ کسے وزارت دینی چاہیے تھی اور کسے ٹکٹس دینے چاہیے تھے۔ واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر گلگت میں موجود ہیں۔ گلگت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قرضوں کی قسطیں دینے کی وجہ سے بہت کم وسائل ہوتے ہیں اور ہر جگہ سے مطالبہ ہے پیسوں کا تاہم گلگت بلتستان کے لیے اس طرح کا پیکج ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ 15 سال کی عمر میں گلگت بلتستان آیا تھا، ان دنوں سڑکیں ایسی تھیں کہ وہاں کہ مقامیوں کے علاوہ دنیا کا کوئی ڈرائیور وہاں گاڑی نہیں چلا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی آتا ہی نہیں تھا اور یہ علاقہ دنیا سے دور تھا، یہاں سڑکیں اتنی مشکل تھیں کہ یہاں کہ علاقے بھی ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسے دیکھنے کے بعد دنیا کے دیگر خوبصورت علاقوں میں گیا تو اس چیز کا فخر ہوتا تھا کہ پاکستان میں ایسا علاقہ ہے جس کا مقابلہ دنیا میں کوئی نہیں کر سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے جب اپنے دوستوں کو پاکستان کا یہ حصہ دکھایا تو انہوں نے بھی کہا کہ اس سے خوبصورت دنیا میں کوئی علاقہ نہیں تبھی میں نے اس علاقے کی مدد کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک تصاویر پر مشتمل کتاب انڈس جرنی لکھی اور جب وہ انگلینڈ میں شائع ہوئی تو سب دنگ رہ گئے کہ یہ بھی پاکستان ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک کے لوگوں کو چھوڑیں ہمارے اپنے لوگوں کو نہیں پتہ کہ پاکستان کتنا خوبصورت ہے، ان سب کی پراپرٹیز باہر ہیں یہ چھٹیاں منانے بھی وہیں جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی تو ہم نے اس خطے کو اوپر لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں فوڈ پراسیسنگ کی بہت گنجائش ہے تاہم اصل میں یہاں سیاحت کے فروغ کے بہت زیادہ مواقع ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ ہمارے گلگت بلتستان سے آدھا ہے اور وہ صرف سیاحت سے 60 سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے، ہم بھی اس خطے کو ترقی دیں تو ملک اور قوم دونوں کا فائدہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارٹی کے ٹکٹس دینے میں بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں اور اب اس بارے میں اکثر سوچتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم اللہ کا شکر ہے کہ خالد خورشید کو آپ کا وزیر اعلٰی بنانے کا میرا فیصلہ بالکل درست تھا۔
خبر کا کوڈ : 930005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش