QR CodeQR Code

کورونا کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال تشویشناک ہے، یوسف تاریگامی

30 Apr 2021 22:19

ایک بیان میں یوسف تاریگامی نے کہا کہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد اسپتالوں کا رُخ کررہی ہے جسکی وجہ سے اسپتالوں میں نہ صرف بستروں بلکہ وینٹی لیٹروں اور آکسیجن سمیت دیگر ادویات کی کمی پیدا ہورہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر سمیت پورے بھارت میں کورونا کی دوسری لہر سے پیدا شدہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے لیڈر یوسف تاریگامی نے محکمہ صحت پر زور دیا ہے کہ وہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے ہر قسم کی سہولیات کو بہم رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔ ایک بیان میں یوسف تاریگامی نے اسپتالوں میں Remidisviar دوائی کی قلت پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد اسپتالوں کا رُخ کررہی ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں نہ صرف بستروں بلکہ وینٹی لیٹروں اور آکسیجن سمیت دیگر ادویات کی کمی پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے بھارت بھر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے علاوہ جموں کشمیر میں محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ لگا ہے۔

انہوں نے کووِڈ- 19 کے خلاف صف اول پر کام کرنے والے کارکنوں کی کوششوں کو سراہا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت بحران عروج پر ہے اور ہمیں مزید چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپتالوں کے او پی ڈی بند کرنے پر بھی ناگواری کا اظہار کیا اور کہا کہ نجی اسپتالوں اور کلنکوں پر مریضوں کا ملاحظہ کیا جارہا ہے اور وہاں جراحیاں بھی انجام دی جاتی ہیں لیکن سرکاری اسپتالوں میں کووِڈ کے بغیر دیگر امراض کے مریضوں کے داخلے کو بند کرکے غریبوں کیلئے مشکلات پیدا کردی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 930019

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930019/کورونا-کی-دوسری-لہر-سے-پیدا-صورتحال-تشویشناک-ہے-یوسف-تاریگامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org