0
Friday 30 Apr 2021 18:53

حضرت عائشہؓ خدمت اسلام میں اپنی مثال آپ تھیں، طاہر القادری

حضرت عائشہؓ خدمت اسلام میں اپنی مثال آپ تھیں، طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ”سیدہ عائشہ صدیقہؓ“ کانفرنس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کا حجرہ مبارکہ علوم دینیہ کا پہلا مدرسۃ الحدیث اور مدرسۃ السنہ ہے۔ آپ ؓ زہد و ورع، ایثار و سخاوت اور خدمت اسلام میں اپنی مثال آپ تھیں۔ علم کے باب میں آپ کا مرتبہ صحابہ کرام اور صحابیات میں بہت بلند تر ہے۔ تمام ازواج مطہرات اور عالمہ صحابیات کا علم جمع کر لیا جائے تو آپ کا علم سب سے زیادہ ہے۔ اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، ناظمہ سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر و دیگر خواتین رہنماؤں نے خطاب کیا اور کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ علوم القرآن، علوم السنہ کے فروغ میں مرکزی کردار کی حامل ہیں، اسلام کی ترویج و اشاعت میں آپ ؓ ایک بلند ترین مقام کی حامل ہیں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ؓ احکام میں اجتہاد و استنباط کرتیں اور آپ ؓ سے فتویٰ طلب کیا جاتا تھا۔ آپ ؓ نے بہت سے شاگرد چھوڑے ہیں جن میں دو معروف نام حضرت عروہ بن زبیر جنہیں عالم المدینہ کا لقب دیا جاتا ہے اور دوسرے قاسم بن محمد بن ابی بکر ہیں جن کی مسند مسجد نبوی شریف میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی کو کوئی علمی مسئلہ کا حل درپیش ہوتا تو وہ آپ کے دربار میں حاضر ہوتا اور اس کا تسلی بخش جواب پاتا۔ آپ سے علمی استفادہ کرنیوالے جلیل القدر تلامذہ کی تعداد 88 سے زائد ہے، خلق کثیر نے آپؓ سے اکتساب فیض کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ؓ کی مرویات نہ ہوتیں تو سیرت النبی ﷺ کا ایک بہت بڑا حصہ امت تک نہ پہنچ پاتا۔ آپ ؓ کے دروازے پر آنیوالا کوئی علم کا پیاسا خالی ہاتھ واپس نہیں گیا۔ 100 کے قریب صحابہ کرام نے آپ ؓ سے احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔ آپ ؓ کے علم میں گہرائی، گیرائی، تفقہ، تدبر اور دانش تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ علمی مقام کیوں نہ حاصل ہوتا کیونکہ زیادہ تر وحی کا نزول آپ ؓ کے حجرہ مبارکہ میں ہوا۔ آپ کے علم کا چشمہ فیض آج تک امت میں جاری و ساری ہے اور قیامت تک جاری و ساری رہے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 930026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش