QR CodeQR Code

عورت کے حقوق کا تحفظ اسلام کے ضابطوں سے ہی ممکن ہے، عاصم مخدوم

30 Apr 2021 20:22

ام المومنین حضرت عائشہؓ کے یوم وصال کی مناسبت سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسلام کی آمد عورت کیلئے غلامی، ذلت اور ظلم و استحصال کے بندھنوں سے آزادی کاپیغام تھی، اسلام نے ان تمام قبیح رسوم کا قلع قمع کر دیا جو عورت کے انسانی وقار کے منافی تھیں اور عورت کو وہ حقوق عطا کیے جس سے وہ معاشرے میں عزت و تکریم کی حقدار قرار پائی۔


اسلام ٹائمز۔ کُل مسالک علماء بورڈ کے زیراہتمام جامع مسجد کبری نیو سمن آباد لاہور میں ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے یوم وصال کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کی۔ مولانا محمد عاصم مخدوم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ کی سیرت و کردار خواتین اسلام کیلئے مشعل راہ اور اخروی نجات کا بہترین ذریعہ ہے۔ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا وہ خوش قسمت ترین عورت ہیں کہ جن کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ اور ’’ام المؤمنین‘‘ ہونے کا شرف اور ازواج مطہرات میں ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہؓ سے حضور اکرم ﷺ کی 2210 احادیث مروی ہیں، قرآن و حدیث اور تاریخ کے اوراق آپ کے فضائل و مناقب سے بھرے پڑے ہیں اور روشن ہیں۔ تقریب میں چیئرمین امن کمیٹی لاہور چودھری محمد ارشد گجر، قاری خالد محمود، علامہ ضیاء الرحمن فاروقی، صدام اطہر خان، ملک محمد آصف، ریاض احمد فضہ، ملک وقاص، حسنین عباس، محمد اویس و دیگر نے شرکت کی۔

مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا ہے کہ ظہور اسلام سے قبل عورت انتہائی اذیت ناک  صورتحال سے دوچار تھی جس سے اسلام نے اسے آزادی دی۔ عورت کے حقوق کا تحفظ اسلام کے عطا کردہ ضابطوں سے ہی ہو سکتا ہے۔ حقوق نسواں کے تحفظ کا مفہوم انفرادی، معاشرتی، خاندانی اور عائلی سطح ہر عورت کو ایسا مقام اور احترام فراہم کرنا ہے جس سے معاشرے میں اس کے حقوق کے حقیقی تحفظ کا اظہار ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی آمد عورت کیلئے غلامی، ذلت اور ظلم و استحصال کے بندھنوں سے آزادی کاپیغام تھی، اسلام نے ان تمام قبیح رسوم کا قلع قمع کر دیا جو عورت کے انسانی وقار کے منافی تھیں اور عورت کو وہ حقوق عطا کیے جس سے وہ معاشرے میں عزت و تکریم کی حقدار قرار پائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے جو حقوق عورت کو دیئے آج ان کی راہ میں حائل معاشرتی رکاوٹوں کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 930045

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930045/عورت-کے-حقوق-کا-تحفظ-اسلام-ضابطوں-سے-ہی-ممکن-ہے-عاصم-مخدوم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org