QR CodeQR Code

ملکی عدالتی نظام مظلوم کی دادرسی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، مشتاق خان

30 Apr 2021 22:09

نوشہرہ میں گذشتہ روز قتل ہونیوالے 5 افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ اس وقت 20 لاکھ سے زائد مقدمات عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو چاہئے کہ یونین کونسل کی سطح پر مصالحتی جرگوں کے قیام کے ذریعے مقامی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں رائج عدالتی نظام انصاف کی بلاتاخیر فراہمی اور مظلوم کی دادرسی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے معاشرے میں جرائم کا سدباب کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔ اس وقت 20 لاکھ سے زائد مقدمات عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو چاہئے کہ یونین کونسل کی سطح پر مصالحتی جرگوں کے قیام کے ذریعے مقامی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ معاشرے میں جرائم کے سدباب، مظلوم کی دادرسی، ظلم کی روک تھام، امن و امان کے قیام، دشمنیوں، رنجشوں کے خاتمے اور تنازعات کے حل میں علماء کرام، سیاسی قائدین، جرگہ ممران، اور عمائدین علاقہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ کے گاؤں بانڈہ شیخ اسماعیل میں ذاتی دشمنی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے قتل ہونے والے 5 افراد کے لواحقین کے گھر ان سے تعزیت کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر رافت اللہ خان اور جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر محمد صدیق الرحمان پراچہ سمیت ضلعی ذمہ داران موجود تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ایسا گھناؤنہ اور سفاکانہ اقدام انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، جس میں پولیس کی کوتاہی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس اگر بروقت سنجیدہ اقدامات اٹھاتی تو اتنا بڑا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے جرائم کی بیخ کنی، امن کے قیام اور ذاتی دشمنیوں کے خاتمے میں ہم سب کو مل کر ایک مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ علماء، علاقے کے عمائدین، سیاسی قیادت اور مؤثر افراد لوکل جرگوں کو فعال کرکے زمینوں اور دیگر تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کو انصاف دلانے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا تعاؤن کرے گی۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کو صبر جمیل کے لئے خصوصی دعا کی۔ 


خبر کا کوڈ: 930062

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930062/ملکی-عدالتی-نظام-مظلوم-کی-دادرسی-کرنے-میں-مکمل-طور-پر-ناکام-ہوچکا-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org