0
Saturday 1 May 2021 14:54

مذہبی جلوسوں اور اجتماعات پر دہشتگردانہ حملوں کا خطرہ ہے، راجہ بشارت

مذہبی جلوسوں اور اجتماعات پر دہشتگردانہ حملوں کا خطرہ ہے، راجہ بشارت
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے کہا ہے کہ خفیہ اداروں کی اطلاعات کے مطابق اس وقت مذہبی جلوسوں اور اجتماعات کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا شدید خطرہ ہے، لہٰذا ان دنوں میں کسی مذہبی و سیاسی گروہ کو دھرنے یا جلوس کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی۔ وہ اپنی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ راجہ بشارت نے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی جگہ احتجاج یا دھرنے کی کوشش کو سختی سے روکا جائے۔ اجلاس میں یوم شہادت حضرت علیؑ، جمعۃ الوداع، یوم القدس، لیلۃ القدر، عیدالفطر اور خوشاب ضمنی انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ ان ایام کے دوران امام بارگاہوں، مساجد، اجتماعات اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں میں کورونا ایس او پیز کی پابندی ہر ممکن یقینی بنائی جائے اور بالخصوص صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے علاقے کی امن کمیٹیوں کو اس حوالے سے فعال کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی پرزور اپیل کی کہ وہ کورونا کی موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر مذہبی اجتماعات کو حتی المقدور محدود کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودگی میں مذہبی اجتماعات کی اجازت کے حوالے سے این سی او سی کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واضح کیا کہ حکومتی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنیوالے کیخلاف بلا تفریق پرچہ درج کرایا جائے اور اگر صوبہ میں کہیں بھی امن عامہ کی صورتحال خراب ہوئی تو مقامی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے گرفتار افراد کیساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، انہیں ہرحال میں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او خوشاب نے ایم پی اے وارث کلو مرحوم کی خالی  نشست پر ہونیوالے ضمنی انتخابات کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ راجہ بشارت نے انہیں الیکشن کمیشن حکام کیساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، کمشنر لاہور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ و سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈویژنل کمشنروں اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 930150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش