0
Saturday 1 May 2021 18:57

ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائی جائے، مفتاح اسماعیل کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائی جائے، مفتاح اسماعیل کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے رہنماء مفتاح اسماعیل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے۔ مسلم لیگ نون کی جانب سے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کا فارنزک آڈٹ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ 34 پولنگ اسٹیشنوں سے پریزائیڈنگ افسروں نے نتیجہ واٹس ایپ نہیں کیا۔ مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ہمیں 30 سے زائد پولنگ اسٹیشنز سے رزلٹ موصول نہیں ہوئے، ہمیں بعض پریزائیڈنگ افسران کے رویئے پر شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے خط میں کہا ہے کہ کئی فارم 45 پر دستخط نہیں تھے، آپ سے درخواست ہے کہ ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرائی جائے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آر او قانون پر عمل کرتے ہوئے اس کم فرق کے باوجود ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ہدایت نہیں دے رہا۔ نون لیگی امیدوار نے کہا ہے کہ ہمارے پاس فارم 45 پر ووٹوں کی گنتی آر او کی جانب سے دیئے گئے فارمز سے مختلف ہے، ہمیں آر او کی جانب سے فارم 45 فراہم نہیں کئے گئے۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ ہمیں آر او نے پولنگ اسٹیشن کے حساب سے رزلٹ سمری فراہم نہیں کی، ہم نے آر او سے واٹس ایپ نتائج کی وصولی کے وقت کی رسید مانگی تھی جو نہیں دی گئی۔

مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو نتائج کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے، این اے 249 کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آر او نے ہماری ساری درخواستیں مسترد کرکے واضح جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے، آدھے سے زیادہ فارم 45 پر آر او نے دستخط نہیں کئے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماء سعید غنی اس حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ مسلم لیگ نون دوبارہ گنتی کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست دے دے، اپنا قانونی حق استعمال کرے، ہم اپنا قانونی حق استعمال کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 930173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش