QR CodeQR Code

سعودی رضایت کے بغیر یمنی بحران کے حل کا کوئی رستہ موجود نہیں، واشنگٹن

1 May 2021 21:27

سعودی چینل العربیہ کیساتھ گفتگو میں خطے کیلئے امریکی وزارت دفاع کے عربی ترجمان نے گذشتہ 7 سالوں سے یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کیجانب اشارہ کئے بغیر انصاراللہ یمن سے مطالبہ کیا ہے وہ سعودی عرب اور یمن پر اپنے حملے روکدے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزارت خارجہ نے یمن پر جنگ مسلط کرنے والے ملک سعودی عرب کی مرضی کے بغیر یمنی بحران کے حل کے کسی بھی رستے کا انکار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ امریکہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری ترسیل چاہتا ہے۔ خطے کے لئے امریکی وزارت دفاع کے عربی ترجمان سموئیل وربرگ (Samuel Werberg) نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی رضایت کے بغیر یمنی بحران کے حل کے لئے کوئی رَستہ موجود نہیں جبکہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل اور اس کے بحران کا سیاسی راہِ حل واشنگٹن کی اولین ترجیح ہے۔ سعودی چینل العربیہ کے ساتھ گفتگو میں سموئیل وربرگ نے گذشتہ 7 سالوں سے یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کی جانب اشارہ کئے بغیر مطالبہ کیا کہ انصاراللہ یمن کو چاہئے کہ وہ سعودی عرب اور یمن پر اپنے حملے روک دے۔ سموئیل وربرگ نے کہا کہ واشنگٹن یمنی بحران کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کے نئے صدر جوبائیڈن نے اپنے انتخاب کے بعد پہلے خطاب میں خارجہ سیاست بیان کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کا جلد ہی خاتمہ کر دیا جائے گا۔ جوبائیڈن نے یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کو "تزویراتی المیہ" قرار دیتے ہوئے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ وہ یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ اور اس کے لئے بیچے جانے والے امریکی اسلحے کا فی الفور خاتمہ کر دیں گے تاہم نہتی یمنی عوام کے خلاف ہونے والے سعودی-اماراتی فوجی اتحاد کے حملوں کو تاحال امریکہ سمیت متعدد مغربی ممالک کی بھی کھلی حمایت حاصل ہے۔ یاد رہے کہ یمنی جنگ کے خاتمے سے متعلق جو بائیڈن کے اس دعوے کو 100 روز پورے ہو جانے پر یمنی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے گذشتہ روز جاری ہونے والے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تاکید کی تھی کہ انہوں نے پہلے دن سے ہی یمن میں امن و امان بارے جوبائیڈن کے اس بیان کی حقیقت کو جان لیا تھا جبکہ اب ثابت ہو چکا ہے کہ یہ بیان نمائشی تھا جس کا عمل سے کوئی تعلق نہیں۔


خبر کا کوڈ: 930216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930216/سعودی-رضایت-کے-بغیر-یمنی-بحران-حل-کا-کوئی-رستہ-موجود-نہیں-واشنگٹن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org