QR CodeQR Code

سکردو میں پانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، شتونگ نالہ پر فوری کام شروع کیا جائے، فدا ناشاد

1 May 2021 22:28

سابق سپیکر جی بی اسمبلی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ شتونگ نالہ کے پانی کو سدپارہ ڈیم تک پہنچانے کے منصوبے کا ریوائزڈ PC-I جو گزشتہ دو سالوں سے وازت منصوبہ بندی میں پڑا ہوا ہے فوری طور پر منظور کرا کے ایمرجنسی بنیادوں پر اس پر کام شروع کیا جائے۔ کیونکہ یہ کام 14000 فٹ کی بلندی پر دیوسائی میدان سے شروع کرنا ہے جہاں کام کرنے کے لئے موسم نہایت محدود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنما اور سابق سپیکر اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے کہا ہے کہ سدپارہ جھیل میں پانی کی سطح گزشتہ کئی سالوں کی نسبت تشویشناک حد تک گر چکی ہے، جس سے سکردو شہر اور آس پاس کے مواضعات میں نہ صرف فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں پینے کے پانی کا بھی قحط پڑنے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شتونگ نالہ کے پانی کو سدپارہ ڈیم تک پہنچانے کے منصوبے کا ریوائزڈ PC-I جو گزشتہ دو سالوں سے وازت منصوبہ بندی میں پڑا ہوا ہے فوری طور پر منظور کرا کے ایمرجنسی بنیادوں پر اس پر کام شروع کیا جائے۔ کیونکہ یہ کام 14000 فٹ کی بلندی پر دیوسائی میدان سے شروع کرنا ہے جہاں کام کرنے کے لئے موسم نہایت محدود ہے۔

حاجی ناشاد نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے بھی اپیل کی ہے کہ سکردو کو خشک سالی سے بچانے کے لئے اپنے ذاتی اثر رسوخ کو بھی استعمال کرتے ہوئے اس منصوبے پر فوری کام جاری کرا دیا جائے۔ انہوں نے بلتستان سے تعلق رکھنے والے وزرا سے بھی اس اہم منصوبے پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔ حاجی ناشاد نے مزید بتایا ہے کہ اس منصوبے کے ریوائزڈ PC-I کو واپڈا اتھارٹی اور متعلقہ وزارت کے تعاون سے مرتب کر کے وزارت منصوبہ بندی تک پہنچانے میں انہوں نے ذاتی طور پر بھر پور کردار ادا کیا ہے۔ لیکن اتنے عرصے سے یہ سرد خانے میں زیر التوا ہے، جہاں سے نکلوانے کے لئے انہوں نے دو مرتبہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کو اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 930222

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930222/سکردو-میں-پانی-بحران-پیدا-ہونے-کا-خدشہ-ہے-شتونگ-نالہ-پر-فوری-کام-شروع-کیا-جائے-فدا-ناشاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org