0
Saturday 1 May 2021 23:29

پی ایم اے ڈاکٹروں کیخلاف کاروائی پر میدان میں آ گئی، ہیلتھ کیئر کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

پی ایم اے ڈاکٹروں کیخلاف کاروائی پر میدان میں آ گئی، ہیلتھ کیئر کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے خلاف ڈاکٹرز میدان میں نکل کھڑے ہوئے، ڈاکٹروں کے خلاف یکطرفہ کاروائیاں نہ روکنے پر پورے پنجاب میں احتجاج کی دھمکی دیدی، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے خلاف پی ایم اے ملتان کی دھواں دھار پریس کانفرنس، مریضوں کی بینائی ضائع ہونے کے معاملے پر ہیلتھ کئیر کمیشن کی رپورٹ مسترد، تفصیل کے مطابق پی ایم اے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طارق وقار، ڈاکٹر رانا خاور، ڈاکٹر مرتضی بلوچ، ڈاکٹر وقار شکور، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر، نجیب چشتی، حفیظ خان، آصف گرمانی، یوسف لغاری، اختر محبوب، آصف مدنی، شیخ عبدالخالق، ڈاکٹر وقار نیازی ودیگر نے پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان تمام ساوتھ پنجاب کی برانچز کی جانب سے آج کی پریس کانفرنس کا مقصد ہیلتھ کیئر کمیشن کی ڈاکٹر دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرنا ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کا کام عطائیت کے خاتمے کے لیے تھا لیکن ان کی پالیسیوں کی وجہ سے عطائیت کو فروغ مل رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ساوتھ پنجاب آنکھوں کے انفیکشن کے حالیہ واقعے میں مریضوں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہے، ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف اس کیس میں ہیلتھ کیئر کمیشن نے یکطرفہ اور ظالمانہ کاروائی کرتے ہوئے غیرقانونی فیصلہ دیا جو کہ ان کے آئین کے خلاف ہے، کمشنر ملتان کی جانب سے قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو یکسر نظر انداز کیا گیا، ہسپتال انتظامیہ کے اثرورسوخ کے زیر اثر آ کر صرف ڈاکٹر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، اسی طرح کبیروالا میں ڈاکٹر محمد بلال کے ساتھ بھی یکطرفہ کارروائی کی جا رہی ہے جس میں مریض کے لواحقین نے شکایت واپس لے لی ہے، ڈاکٹر حسنین مشتاق کے کیس میں انفیکشن کا جراثیم کہیں ثابت نہیں کیا گیا، کوئی کلچر رپورٹ نہیں کروائی گئی۔ 

ڈاکٹرز نے کہا کہ اگر ڈاکٹروں پر اسی طرح کاروائیاں کی گئی اور ڈاکٹر حسنین کے خلاف فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ساوتھ پنجاب شدید احتجاج کا حق رکھتی ہے، پہلے مرحلے میں ہر ضلع میں احتجاج کئے جائیں گے اس کے بعد عید کے بعد تمام اضلاع میں ہڑتال شروع کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 930232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش