0
Sunday 2 May 2021 00:28

تاجکستان اور کرغزستان کی سرحد پر جھڑپ میں 31 افراد ہلاک

تاجکستان اور کرغزستان کی سرحد پر جھڑپ میں 31 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ تاجکستان اور کرغزستان کی متنازع سرحد پر پانی کے معاملے پر ایک بار پھر جھڑپ ہوئی، جس میں 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان نے تاجکستان پر 31 افراد کی ہلاکتوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہلاکتیں متنازع سرحد پر ہوئی تاہم تاجکستان نے الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے لیکن دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کرتے ہوئے ایسا لائحہ عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے جس سے کسی ممکنہ جھڑپ کے خدشات کو دور کیا جا سکے اور ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوسکیں۔

دونوں ممالک کے درمیان متنازع سرحد پر زمین اور پانی کے لیے برادریوں کے درمیان جھڑپیں معمول کی بات ہے تاہم اس میں سنگینی اُس وقت شامل ہوجاتی ہے جب دونوں ممالک کے بارڈر گارڈز بھی جھگڑوں میں شامل ہوجائیں۔ کرغزستان کے صدر صدیر جپاروف اور ان کے تاجک ہم منصب امام علی رحمون نے اس واقعے پر ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مئی کے وسط میں بالمشافہ ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے متنازع سرحد پر برادریوں کے درمیان جھگڑے کا باعث بننے والے دریا کے بنیادی ڈھانچے کے ایک اہم ٹکڑے پر تنازعے کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
خبر کا کوڈ : 930241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش