QR CodeQR Code

یوم علیؑ کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی مسترد کرتے ہیں، علامہ سبطین سبزواری

2 May 2021 10:19

ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، بلکہ ہم چودہ سو سال سے کہتے آ رہے ہیں کہ عزاداری پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے، اس کیلئے ہم ہر قربانی کیلئے تیار ہیں، ہم قربانیاں دیتے آئے ہیں، دیں گے اور دیتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری کا کہنا ہے کہ حکومت نے یوم علیؑ کے جلوسوں اور مجالس پر پابندی عائد کی ہے جسے ہم کُلی طور پر مسترد کرتے ہیں، ہم حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی نئی بات نہیں، بلکہ ہم چودہ سو سال سے کہتے آ رہے ہیں کہ عزاداری پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے، اس کیلئے ہم ہر قربانی کیلئے تیار ہیں، ہم قربانیاں دیتے آئے ہیں، دیں گے اور دیتے رہیں گے۔ لاہور میں ‘‘اسلام ٹائمز’’ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اجلاس ہو رہے ہیں، بازار کُھلے ہیں، لوگ خریداری کر رہے ہیں، مگر عزاداری کے جلوسوں پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔
 
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حکمران جانتے ہیں کہ ہم عزاداری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکمران کوئی نئے نہیں آئے، انہیں ہماری روایات کا علم ہے، ہمیں ہراساں کیا جاتا ہے، مقدمات درج کئے جاتے ہیں، نام فورتھ شیڈول میں ڈال کر تنگ کیا جاتا ہے، ڈی سیز کو حکومت اتنے اختیارات نہ دے کہ وہ فرعون بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بانیان مجالس اور مومنین سے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ہماری عزاداری ہوگی، مجالس ہوں گے، ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، مگر ساتھ ساتھ ایس او پیز کا بھی خیال رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک میں کیا ہو رہا ہے ہمیں علم ہے، ہم ایس او پیز  کو مکمل فالو کریں گے، لیکن عزداری نہیں رکے گی، اگر کہیں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو حکومت وہاں کارروائی کرے، ہم ساتھ دیں گے، لیکن عزاداری نہیں روکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 930278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930278/یوم-علی-کے-جلوسوں-اور-مجالس-پر-پابندی-مسترد-کرتے-ہیں-علامہ-سبطین-سبزواری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org