QR CodeQR Code

غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازوں میں مزید کمی، فلائٹ آپریشن 20 فیصد تک محدود

2 May 2021 18:20

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار پاکستان میں آنے والی پروازوں کی تعداد 590 سے کم کرکے 123 کر دی گئیں ہیں، جو 5 مئی سے 20 مئی تک نافذالعمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مختلف غیر ملکی ایئرلائنوں کی فریکوئنسی میں مزید کمی کر دی ہے، اس سلسلے میں اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قطر ایئرویز کی پاکستان کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 56 سے کم کرکے 11 کر دی گئی، قطر ائیرویز کی کراچی کیلئے 3، لاہور کیلئے 3، اسلام آباد کیلئے 3، پشاور کیلئے 1 اور سیالکوٹ کیلئے 1 پرواز ہے۔ گلف ایئر کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 35 میں سے کم کرکے 8 کر دی گئی ہے، جس میں کراچی کیلئے 2، لاہور کیلئے 1، اسلام آباد کیلئے 1، پشاور کیلئے 1، فیصل آباد کیلئے1، سیالکوٹ کیلئے 1 اور ملتان کیلئے 1 پرواز ہوگی۔ ترکش ایئر کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 21 میں سے کم کرکے 3 کر دی گئی ہے، جس میں کراچی کیلئے 1، لاہور کیلئے 1، اسلام آباد کیلئے 1 پرواز آپریٹ ہوگی۔ پگاسس ایئر لائن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 سے کم کرکے 1 کر دی گئی ہے، پگاسس ایئر کو کراچی کیلئے 1 پرواز لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔

اتحاد ایئرویز کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 32 سے کم کرکے 6 کر دی گئی ہے، جس کے تحت کراچی کیلئے1، لاہور کیلئے 2 اور اسلام آباد کیلئے 3 پروازیں لینڈ کر سکیں گی۔ اس کے علاوہ سری لنکا ایئرویز کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 میں سے کم کرکے 2 کر دی گئی ہے، جس میں کراچی کیلئے 1 اور لاہور کیلئے 1 پرواز ہو گی، جبکہ تھائی ایئر کی پروازیں 18 سے کم کرکے صرف 3 کر دی گئی ہیں، جو کراچی کیلئے 1، لاہور کیلئے 1 اور اسلام آباد کیلئے 1 پرواز لینڈ کر سکے گی۔ مجموعی طور پر فلائٹ آپریشن 20 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار پاکستان میں آنے والی پروازوں کی تعداد 590 سے کم کرکے 123 کر دی گئیں ہیں، جو 5 مئی سے 20 مئی تک نافذالعمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 930354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930354/غیر-ملکی-ایئرلائنز-کی-پروازوں-میں-مزید-کمی-فلائٹ-آپریشن-20-فیصد-تک-محدود

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org