QR CodeQR Code

رمضان جہاد، تقویٰ، تربیت و اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے، علامہ حزب اللہ

2 May 2021 23:19

افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اتحاد العلماء سندھ کے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالت قانون سے متعلق قرارداد نہ صرف قابل مذمت، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت اور حکومتِ پاکستان کی سفارتی ناکامی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت اتحاد العلماء سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ رمضان جہاد، تقویٰ، تربیت اور اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے، جس نے ایمان و احتساب کے ساتھ روزہ و دیگر عبادات کیں وہ فلاح پاگیا، رمضان انفرادی و اجتماعیت کی تربیت اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا بھی مہینہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے احسن آباد گلشن معمار کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کے دوران کیا۔ مولانا حزب اللہ جکھرو نے مزید کہا کہ آج امت دین سے دوری کی وجہ سے غیروں کی یلغار، مہنگائی، سودی نظام معیشت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے، ان تمام مسائل سے نجات کا واحد حل اللہ پر بھروسہ اور قرآن و سنت کا نظام ہے۔

علامہ حزب اللہ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالت قانون سے متعلق قرارداد نہ صرف قابل مذمت، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت اور حکومتِ پاکستان کی سفارتی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان و عقیدے کا حصہ ہے، کوئی مسلمان چاہے کتنا ہی گنہگار نہ ہو، وہ سر تو کٹوا سکتا ہے مگر اپنے نبی مہربان کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مغربی دنیا کو اہلیان پاکستان کی اپنے دین اور اپنے پیارے آقا سے عقیدت و احترام اور جذبات سے آگاہ کرے، او آئی سی یورپی پارلیمان کی قرارداد کا نوٹس اور اقوام متحدہ میں بھی ناموس رسالت کا معاملہ اٹھایا جائے، یورپی و دیگر ممالک میں سفارتی نمائندے یا وفود بھیجے جائیں، جہاں ناموس رسالت کے معاملے پر مسلمانوں کے ایمان و جذبات سے ان کو آگاہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 930360

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930360/رمضان-جہاد-تقوی-تربیت-اسلامی-فتوحات-کا-مہینہ-ہے-علامہ-حزب-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org