QR CodeQR Code

مجالس میں ایس او پیز پر عملدرآمد شرعی ذمہ داری ہے

عزاداری پر کسی بھی قسم کی پابندی برداشت نہیں کی جائے گی، علامہ باقر زیدی

2 May 2021 23:54

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر حکومت اپنے ضمنی الیکشن کی مہم چلا سکتی ہے، انتخابات ہوسکتے ہیں، بازاروں میں بے ہنگم ہجوم ہوسکتا ہے تو جلوس کیوں نہیں ہوسکتے، عزاداری کے حوالے سے شیعہ قوم اپنے اصولی مؤقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا ہے کہ ہورے ملک میں امام علی علیہ السلام کی شہادت کے حوالے سے مجالس و جلوس عزاء کے سلسلے ایس او پی کے تحت جاری ہیں، 19 رمضان سے لیکر 21 رمضان المبارک تک ملک بھر میں عزاداری کے یہ سلسلے جاری رہتے ہیں، ملت جعفریہ منظم ہے، الحمد اللہ عزاداری ہماری عبادت ہے، کوئی بھی مذہب و مسلک کسی کو اپنی عبادت پر پابندی کی اجازت نہیں دے سکتا، 21 رمضان المبارک سے قبل این سی او سی کے اجلاس ہونا اور فوراً مجالس و جلوس پر پابندیاں لگا دینا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے ملت جعفریہ کے خلاف منظم سازش سمجھتے ہیں، حکومت کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کا اختیار حاصل ہے لیکن کسی کے مذہبی معاملات میں خلل ڈالنے کا قطعاََ حق حاصل نہیں، ماضی میں دہشت گردی کے ذریعے ہمارے جلوس و مجالس کو روکنے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع کے ہزاروں افراد کو شہید کرنے کے باوجود عزاداری میں کمی نہیں آئی، جور یاستی ادارے اپنے احکامات کے ذریعے عزاداری پر پابندی لگانا چاہتے ہیں، وہ حقائق سے بے خبر ہیں، اگر حکومت اپنے ضمنی الیکشن کی مہم چلا سکتی ہے، انتخابات ہوسکتے ہیں، بازاروں میں بے ہنگم ہجوم ہوسکتا ہے تو جلوس کیوں نہیں ہوسکتے، حکومت یہ بات ذہن نشیں کر لے کہ عزاداری کے حوالے سے شیعہ قوم اپنے اصولی مؤقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، حکومت کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے لگتا ہے کہ ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں، ملت تشیع ایک مہذب قوم ہے، ہم نے کبھی بھی شائستگی او تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، ملک کے آئین و قانون کی بالادستی کو ہم مقدم سمجھتے ہیں، مجالس و جلوس میں بھی ایس او پیز پر عمل درآمد ہماری قانونی، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 930379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930379/عزاداری-پر-کسی-بھی-قسم-کی-پابندی-برداشت-نہیں-جائے-گی-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org