QR CodeQR Code

یوم علیؑ کے تمام جلوس برآمد ہوں گے، حکومت کو دینی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، علامہ اسدی

3 May 2021 20:12

لاہور میں پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت یہ بات ذہن نشیں کر لے کہ عزاداری کے حوالے سے شیعہ قوم  اپنے اصولی موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کچھ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے جلوس عزا کے انعقاد ہر پابندی اور بانیان جلوس کو جلوس عزا نہ نکالنے کیلئے دھمکایا جا رہا ہے، جلوس عزا پر پابندی کے تمام احکامات کی مذمت کرتے ہیں، یوم علی علیہ السلام کا جلوس اپنے روایتی انداز سے حسب سابق تمام روٹس پر نکلے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے وحدت سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت انتظامی معاملات میں بالکل ناکام ہو چکی ہے، ریاستی اداروں میں ہم آہنگی کا فقدان ہے، 10 روز قبل صوبہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جلوس عزا کے روٹس پلان علاقائی انتظامیہ اور عزاداران کے درمیان طے پایا، میڈیا اور جلوس پرمٹ ہولڈرز کو انتظامات کیلئے گاڑیوں کے پرمٹ اور ایس او پیز کے تحت انتظامات کرنے کے سرکاری لیٹر بھی جاری ہوئے، یوم علیؑ سے ایک  روز قبل یک دم کرونا وبا کو جواز بنا کر جلوسوں پر پابندی لگانا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری عبادت ہے، کوئی بھی مذہب و مسلک کسی کو اپنی عبادت پر پابندی کی اجازت نہیں دیتا، ماضی میں دہشتگردی کے ذریعے ہمارے جلوس و مجالس کو روکنے کی کوشش کی گئی، ملت تشیع کے ہزاروں افراد کو شہید کرنے کے باوجود عزاداری میں کمی نہیں آئی۔

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ جو ریاستی ادارے اپنے احکامات کے ذریعے عزاداری پر پابندی لگانا چاہتے ہیں، وہ حقائق سے بے خبر ہیں، اگر حکومت اپنے ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم چلا سکتی ہے، انتخابات ہو سکتے ہیں، بازاروں میں  بے ہنگم ہجوم ہو سکتا ہے، تو جلوس کیوں نہیں ہو سکتے۔ ملت جعفریہ  ایک مہذب قوم ہے۔ ہمارے مراجع کرام اور علماء و اکابرین نے اس وبا سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری قوم کو حد درجہ محتاط رہنے کی تاکید کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم علی علیہ السلام کی مناسبت سے ہونیوالے عزاداری کے پروگراموں میں حکومتی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے، ہم نے کبھی بھی شائستگی او تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، ملک کے آئین و قانون کی بالادستی کو ہم مقدم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس و جلوس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو اپنی قانونی، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری سمجھ کر ادا کی جائے گی۔

ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت یہ بات ذہن نشیں کر لے کہ عزاداری کے حوالے سے شیعہ قوم  اپنے اصولی موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کچھ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے جلوس عزا کے انعقاد ہر پابندی اور بانیان جلوس کو جلوس عزا نہ نکالنے کیلئے دھمکایا جا رہا ہے، جلوس عزا پر پابندی کے تمام احکامات کی مذمت کرتے ہیں، یوم علی علیہ السلام کا جلوس اپنے روایتی انداز سے حسب سابق تمام روٹس پر نکلے گا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کو عوام مکمل طور پر مسترد کریں گے۔ ناکام حکومت کی وجہ سے ملکی عوام مہنگائی، چینی آٹا اور بجلی بحرانوں کا شکار ہیں۔ ملکی موجودہ صورتحال اور بحرانوں کا شکار ہونے میں عمران خان حکومت کے وفاقی وزرا  ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر کے گڈ گورننس کے دعووں کو  خوشنما خوابوں کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ این سی او سی کی طرف سے پابندی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے لگتا ہے کہ ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں، حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا اختیار حاصل ہے لیکن کسی کے  مذہبی معاملات میں خلل ڈالنے کا قطعا حق حاصل نہیں، عوام کو دیوار کے ساتھ لگانے کی بجائے سیاسی رویہ اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنیوالے حکمرانوں کا یہ پہلا اور آخری دور حکومت ہے، شیعہ جبری گمشدہ افراد کے بازیابی کیلئے اٹھائیس دن تک کراچی میں ہماری مائوں، بہنوں، بزرگوں، بیٹوں نے دھرنا دیا لیکن وزیر اعظم یا کسی حکومتی وزیر کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ گمشدہ افراد کے اہل خانہ گورنر ہائوس گئے تو گورنر ٹس سے مس نہیں ہوا۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس متکبرانہ انداز اور نان پولیٹیکل ایجنڈے نے اسے عوام سے دور کر دیا ہے۔ عوام نے نے حالیہ ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے حکومت سے انتقام لے لیا۔ جو حکومت اپنے عوام کو نظر انداز کرنے لگتی ہے اس کا وجود خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس  قریب آ رہا ہے، اس موقعہ پر دنیا بھر کے باشعور افراد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر  نکلتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے کہا میڈیا پر بھی قدغن لگائی جا رہی ہے، الیکٹرانک یا پرنٹ میڈیا پر پابندی لگائی جاتی ہے تو لوگ سوشل میڈیا کو متبادل کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ میڈیا کو اپنی ساکھ کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کے غیر جمہوری اقدامات کیخلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 930418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930418/یوم-علی-کے-تمام-جلوس-برا-مد-ہوں-گے-حکومت-کو-دینی-معاملات-میں-مداخلت-کا-کوئی-حق-نہیں-علامہ-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org