QR CodeQR Code

مجالس اور عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، آئی جی

3 May 2021 09:52

آئی جی پنجاب کا پولیس افسران سے خطاب میں کہنا تھا کہ اہلبیتؑ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جلوس منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کیساتھ مل کر جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین کو جلوس نہ نکالنے بارے اعتماد میں لیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کی زیرصدارت یوم شہادت حضرت علیؑ کے جلوس و مجالس کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق یوم شہادت حضرت علیؑ پر صرف مجالس منعقد کی جائیں گی، پولیس ٹیمیں بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گی۔ اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اہلبیت ؑسے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جلوس منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کیساتھ مل کر جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین کو جلوس نہ نکالنے بارے اعتماد میں لیا جائے۔
 
آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے دوران میٹل ڈٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے بھرپور استفادہ کیا جائے، عزاداروں کے تحفظ کیلئے مجالس میں سادہ لباس میں کمانڈوز، خواتین اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی، آر پی او شیخوپورہ ڈاکٹر انعام وحید اورڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 930419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930419/مجالس-اور-عزاداروں-کی-سکیورٹی-کیلئے-تمام-وسائل-بروئے-کار-لائے-جائیں-ا-ئی-جی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org