QR CodeQR Code

موجودہ دور دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کیلئے بھی سیاہ ترین ہے، شہباز شریف

3 May 2021 13:15

عالمی یوم صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن کا نام ہے۔ جس حکومت میں آزادی صحافت کی آئینی آزادی نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہا جا سکتا،


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر شعبوں کی طرح موجود دور حکومت میڈیا کے لیے بھی سیاہ ترین ہے۔ عالمی یوم صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس حکومت میں آزادی صحافت کی آئینی آزادی نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہا جا سکتا، معیشت اور ملک کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کے لیے موجودہ دور سیاہ ترین ہے، موجودہ دور میں صحافت، سچائی اور اختلاف رائے کو سنگین جرم بنا دیا گیا ہے جو آمرانہ روش ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر میڈیا کو اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا ہوتا ہے، انتہائی مشکل حالات میں بھی صحافیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھایا، صحافی شدید مالی مشکلات اور پیشہ وارانہ ناموافق حالات کی دو پاٹوں والی چکی میں پس رہے ہیں۔ صدر مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ آئین، جمہوریت اور شہری آزادیوں کے لیے پاکستانی میڈیا کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، میڈیا نہ ہو تو اہل ہوس مدعی اور منصف خود ہی بن بیٹھتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 930471

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930471/موجودہ-دور-دیگر-شعبوں-کی-طرح-میڈیا-کیلئے-بھی-سیاہ-ترین-ہے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org