QR CodeQR Code

حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی، مشیر تجارت کا اعتراف

3 May 2021 16:05

ایک انٹرویو میں مشیر تجارت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈھائی سال میں بہت کام کئے لیکن ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی، اور عوام کو آگاہی دینے میں بھی ناکامی کا سامنا رہا۔


اسلام ٹائمز۔ مشیرتجارت عبدالرزاق نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے کامرس، تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں ابھی تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا سکا اور عام آدمی کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مشیر تجارت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈھائی سال میں بہت کام کئے لیکن ملک میں مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی، اور عوام کو آگاہی دینے میں بھی ناکامی کا سامنا رہا، عام آدمی کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں امید ہے کہ بہت جلد کامیابی بھی حاصل کریں گے۔

عبدالرزاق نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے چند ماہ قبل ہماری برآمدات میں 14 سے 15 فیصد اضافہ ہورہا تھا لیکن جیسے ہی اس وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو ہماری برآمدات بھی اس کی لپیٹ میں آنے سے منفی میں چلی گئیں، تاہم حکومت کی بہترین پالیسیوں، حکمت عملی اور کوششوں سے گزشتہ سال جولائی کے بعد برآمدات میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہوا اور اب یہ 7 فیصد پر پہنچ گیا ہے، اگر کورونا نہ ہوتا تو پاکستان کی برآمدات 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہوتیں۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ازبکستان کے ساتھ دو معاہدے کیے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کو ان دو ممالک سمیت پورے وسطی ایشیا تک رسائی حاصل ہوگی، ایک پاکستانی ٹرک افغانستان سے ہوتا ہوا پورے وسطی ایشیا جا سکے گا اور اسی طرح دیگر ممالک سے پاکستان میں گاڑیاں آئیں گی اور نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا، پاکستان میں شپنگ اور ٹرکنگ کا خرچہ کم ہو جائے گا۔ تاہم بھارت کے ساتھ تجارت کھلنے کے امکانات اس وقت تک نظر نہیں آتے جب تک بھارت کے ساتھ سیاسی مسائل حل نہیں ہوتے۔


خبر کا کوڈ: 930506

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930506/حکومت-ملک-میں-مہنگائی-پر-قابو-پانے-ناکام-رہی-مشیر-تجارت-کا-اعتراف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org