QR CodeQR Code

حکومت کا الیکشن ایکٹ 2017ء میں 49 تبدیلیاں کرنے کا اعلان

3 May 2021 16:12

پریس کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا اپوزیشن کہتی ہے کہ الیکشن کمیشن اصلاحات میں کردار ادا کرے، لیکن انتخابی اصلاحات پر بات کرنا نہیں چاہتی، ووٹ کو عزت پارلیمان کو عزت دے کر ہی ملے گی، سینیٹ الیکشن میں ہم نے کہا اوپن ووٹنگ کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی جیسے سینیٹر بنے سب کے سامنے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017ء میں 49 تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اصل معاملہ انتخاب اور اس کے نتائج پر اعتماد کا ہے، نون لیگ نے کہا آر ٹی ایس بیٹھا اور دھاندلی ہوئی، ہم نے حلقوں کی نشاندہی کا کہا، جو نہیں ہوئی، کراچی میں ہونے والے الیکشن میں بھی دھاندلی کا شور مچا ہوا ہے، نون لیگ پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام لگا رہی ہے، تاہم وزیراعظم نے پہلے ہی دن دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی بنا دی تھی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات نہ لانے سے سیاسی اور جمہوری ترقی رک جائے گی، لہذا ایسا الیکشن چاہتے ہیں، جس کا نتیجہ ہر جماعت کو قبول ہو، انتخابی نظام میں اصلاحات تجویز کر رہے ہیں اور ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں، تاکہ 20 سے 25 منٹ میں نتیجہ سامنے آجائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا اپوزیشن کہتی ہے کہ الیکشن کمیشن اصلاحات میں کردار ادا کرے، لیکن انتخابی اصلاحات پر بات کرنا نہیں چاہتی، ووٹ کو عزت پارلیمان کو عزت دے کر ہی ملے گی، سینیٹ الیکشن میں ہم نے کہا اوپن ووٹنگ کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی جیسے سینیٹر بنے، سب کے سامنے ہے، گیلانی صاحب کے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہارنے پر پھر شور مچایا گیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے الیکشن اصلاحات کے لئے براہ راست اپوزیشن کو دعوت دی، الیکٹورل ووٹنگ مشین سے الیکشن کا عمل شفاف اور تیز ہوگا، تاہم اپوزیشن نے ساری عمر پرچیوں کی سیاست کرکے اقتدار حاصل کیا ہے۔

اس موقع پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے الزامات کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں، دو آپشنز ہیں کہ جیسا سسٹم چل رہا ہے چلنے دیں یا اس کو تبدیل کریں، وزیراعظم عمران خان نے دوسرا راستہ اپنایا اور انتخابی نظام کو ٹھیک کرنے کا بیڑا اٹھایا، لہذا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے لیے سیکشن ایک سو تین میں ترمیم کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی کی حلقہ بندیوں کو درست کرنے کے لیے کچھ حلقے ختم کر رہے ہیں اور نادرا کے رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے حلقے بنائیں گے جبکہ انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں تو آئینی اداروں پر عدم اعتماد کا بحران پیدا ہو جائے گا۔ بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان میں جدید دھاندلی کا طوفان 2013ء میں اٹھا، 2013ء میں 22 سیاسی جماعتوں نے اس کو آر او کا الیکشن کہا جبکہ الیکشن ایکٹ 2017ء کو خود بنانے والوں نے کہا ٹھیک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ماڈل دکھائیں گے، جس کو وہ خود منتخب کریں، الیکٹرانک مشین ماڈل پی ٹی آئی نے نہیں بنائے بلکہ قومی اداروں نے بنائے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 930508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930508/حکومت-کا-الیکشن-ایکٹ-2017ء-میں-49-تبدیلیاں-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org