QR CodeQR Code

چالیس سال کے شہریوں کیلئے کورونا ویکسینیشن کا عمل آج سے شروع، ڈاکٹر فیصل سلطان

3 May 2021 16:26

اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران قومی صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ رواں سال 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے، نوے فیصد حفاظتی دوا پاکستان خریدے گا، مفت اور عطیے والی ویکسین پر انحصار کا تاثر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کا عمل مربوط حکمت عملی کے تحت شروع کیا۔


اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 25 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگا چکے ہیں، آج سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع ہو رہی ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ آج سے 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع ہو رہی ہے۔ حکومت نے ویکسینیشن کا عمل مربوط عملی کے ساتھ شروع کیا ہے۔ ویکسین کی فراہمی بروقت اور حکمت عملی کے ساتھ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ روزانہ 3 لاکھ لوگوں کی ویکسینیشن ہو۔ جون تک ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوزز حاصل کرلیں گے۔ ویکسین بنانے والی کمپنی سے گزشتہ سال سے بات چیت چل رہی ہے۔ سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن کا ہدف ہے، نوے فیصد حفاظتی دوا پاکستان خریدے گا، مفت اور عطیے والی ویکسین پر انحصار کا تاثر غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں فائزر اور موڈرنا کو بھی طلب پوری کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ کئی ممالک نے کورونا ویکسین کی برآمد پر پابندی لگا رکھی ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں جلد ویکسین بنانے کا عمل شروع کردیں گے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز 2 جنوری اور بھارت میں 16 جنوری کو دی گئی۔ ملک بھر میں 25 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگا چکے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ 3 کروڑ ڈوزز کے حصول کا معاہدہ ہوگیا۔ کنسائنو ویکسین کی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں چین نے اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتے پاکستان کیلئے نازک ہیں، جس کے لئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں یومیہ کیسز نو لاکھ سے تجاوز کر چکے، ایک سال سے زائد عرصے سے کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 930511

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930511/چالیس-سال-کے-شہریوں-کیلئے-کورونا-ویکسینیشن-کا-عمل-ا-ج-سے-شروع-ڈاکٹر-فیصل-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org