0
Monday 3 May 2021 21:12

حکومت کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے بیرونی امداد کی تفصیلات شیئر کرے، پون کھیڑا

حکومت کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے بیرونی امداد کی تفصیلات شیئر کرے، پون کھیڑا
اسلام ٹائمز۔ کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران ہندوستان کو دنیا کے 40 سے زائد ممالک سے آکسیجن اور کورونا کی دوائیں موصول ہوئی ہیں، اس کے باوجود ملک میں لوگ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مر رہے ہیں، اس لئے بیرونی امداد کی تفصیلات ملک کے سامنے پیش کی جانی چاہیئے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پیر کے روز یہاں ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ، برطانیہ، روس، سعودی عرب جیسے 40 بڑے ممالک کی طرف سے اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کو بڑی تعداد میں مدد مل رہی ہے۔ ان میں کورونا ویکسین سے لے کر آکسیجن اور آکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ تک شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی مدد کے باوجود ہمارے پاس آکسیجن کی قلت ہے اور ویکسین دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹیکہ کاری نہیں ہو رہی ہے، آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی موت کی اطلاعات ہیں۔ اس سلسلے کا تازہ ترین واقعہ کرناٹک کا ہے جہاں چامراج نگر اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت ہوگئی۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ غیر ملکی امداد کی تفصیلات شفاف طریقے سے فراہم کرے اور بتائے کہ کس ملک سے کتنی مدد موصول ہوئی ہے اور حکومت ہند نے اس میں سے کس ریاست کو کیا مدد بہم پہنچائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 930545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش