QR CodeQR Code

ڈاکٹر طاہرالقادری نے حضرت علیؑ سے مروی 12 ہزار احادیث کا مجموعہ تالیف کر لیا

مولائے کائنات سراپا پیکر زہد و ورع تھے، دنیا کے تاج و تخت آپ کے پاؤں میں تھے، حسن محی الدین

3 May 2021 20:35

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم وہ واحد صحابی رسول ﷺ ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔ مسند امام علیؑ ایک ہزار سال کی علوم الحدیث کی تاریخ کا ایک نادر و نایاب علمی تحفہ ہے۔ مسند امام علیؑ عنقریب شائع ہو  رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے موقع پر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات سراپا پیکر زہد و ورع تھے، دنیا کے تاج و تخت آپ کے پاؤں میں تھے، مگر آپ فرماتے تھے اے دنیا میرے علاوہ کسی اور کو فریب دے، تیری دی ہوئی کامیابی حقیر، تیرے خطرات بھیانک، تیری عمر کوتاہ ہے۔ مولا علیؑ نے حسنین کریمین کو نصیحت فرمائی کہ ہمیشہ ظلم اور ظالم سے لڑنا اور مظلوم کی مدد کرنا، سیدنا علی المرتضیٰ ؑ کائنات کے وہ خوش بخت انسان ہیں کہ جن کی ولادت کائنات کے افضل ترین مقام کعبۃ اللہ میں ہوئی اور کائنات کا یہ واحد عظیم المرتبت نومولود ہے کہ جس کی پہلی نگاہ چہرہ مصطفی ﷺ پر پڑی اور اس خوش بخت بندہ خدا نے زندگی کی ہر سانس رسول خدا ﷺ کے سایہ شفقت میں لی، آپ کی سیرت میں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت جھلکتی ہے۔ آپؑ نے آخری سانس تک ظلم و بربریت کیخلاف جہاد کیا۔ آپؑ غرباء کی معاشی کفالت کرتے تھے، پیکر جود و سخا تھے، بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے شفقت کرتے تھے۔ آپ ہمیشہ فرماتے تھے فقراء و مساکین کو اپنے معاش میں شریک کرو۔


انہوں ںے کہا کہ عفو درگزر کا یہ عالم تھا کہ جب دشمنان خدا ان کی تلوار کے نیچے بے کس و پا پڑے معافی مانگتے تو آپ معاف فرما دیتے۔ آپ ایک بہترین منتظم تھے اور آپ کو کائنات کی بعد از خدا  بزرگ و برتر ہستی نے شہر علم کا دروازہ قرار دیا۔ جب تک یہ دنیا قائم ہے اہل ایمان مولا علی شیر خدا کے بصیرت و ایمان افروز اور علم و دانش سے بھرے ہوئے اقوال سے ہدایت اور روشنی پاتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے مروی 12 ہزار سے زائد احادیث مبارکہ کا مجموعہ مسند امام علیؑ کے نام سے تالیف کر لیا ہے۔حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم وہ واحد صحابی رسول ﷺ ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔ مسند امام علیؑ ایک ہزار سال کی علوم الحدیث کی تاریخ کا ایک نادر و نایاب علمی تحفہ ہے۔ مسند امام علیؑ عنقریب شائع ہو  رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 930546

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930546/ڈاکٹر-طاہرالقادری-نے-حضرت-علی-سے-مروی-12-ہزار-احادیث-کا-مجموعہ-تالیف-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org