0
Friday 19 Aug 2011 23:00

امریکہ میں بھی دہشتگردی کے واقعات نے زور پکڑنا شروع کر دیا، نسلی امتیاز پر پاکستانی خاتون قتل

امریکہ میں بھی دہشتگردی کے واقعات نے زور پکڑنا شروع کر دیا، نسلی امتیاز پر پاکستانی خاتون قتل
 لاہور:اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں بھی دہشت گردی کے واقعات نے زور پکڑنا شروع کر دیا اور دوسرے ممالک میں انتہا پسندی کو فروغ دینے والا امریکہ خود بھی اس لپیٹ میں آ گیا۔ امریکہ کے شہر نیو جرسی میں امریکی انتہاپسندوں نے نسلی امتیاز کا شکار ہو کر ایک مسلم خاتون کو اسلامی لباس زیب تن کرنے پر موت کے کھاٹ اتار دیا۔
نیوجرسی پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ گزشتہ منگل کو نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والی پاکستان نژاد خاتون نازش نورانی نسلی نفرت کا نشانہ بنی، کیوں کہ وہ روایتی پاکستانی لباس زیب تن کرتی تھی، حملے میں نازش نورانی کا خاوند کاشف پرویز بھی بری طرح زخمی ہو گیا تھا۔ 
نازش کراچی میں پیدا ہوئی تھی اور کاشف پرویز سے شادی کے بعد وہ امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر بروکلین میں رہ رہی تھی،حملے کے روز دونوں میاں بیوی اپنے تین سالہ بیٹے کے ہمراہ رشتہ داروں کے گھر سے افطاری کے بعد واپس آرہے تھے کہ ان پر فائرنگ کر دی گئی۔
مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے دو افراد تھے اور ان کی فائرنگ سے نازش نورانی کو دل کے قریب گولی لگی، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، جب کہ اس کا خاوند شدید زخمی ہو گیا، تاہم تین سالہ بیٹا بالکل محفوظ رہا۔
کاشف پرویز کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ سے شدید پریشان ہیں کیوں کہ امریکہ میں وہ ایک عرصہ سے رہ رہے ہیں اور آج تک ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکہ نے انتہا پسندی کی یہ آگ دنیا کے دوسرے ممالک میں لگائی ہے، لیکن اس کے اثرات اب امریکہ تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور لندن میں نسلی فسادات کے بعد امریکہ میں پاکستانی خاتون کا قتل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ نفرت کی آگ اب یورپ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر تھا کہ میری بہو پاکستان میں شہید ہوتی کم ازکم ہم اسے اپنی مٹی میں تو دفن کر سکتے تھے، انہوں نے پرنم آنکھوں سے کہا کہ وطن کو چھوڑ کر دیار غیر میں اب سکون نہیں رہا، کاش پاکستان کو چھوڑ کر جانے والے یہاں رہ کر ہی اس میں امن کے لئے کوششیں کریں۔

خبر کا کوڈ : 93060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش