QR CodeQR Code

کراچی میں یوم علیؑ کا مرکزی جلوس مکمل ایس او پیز کے ساتھ رواں دواں

4 May 2021 09:13

عزاداران امام علیؑ کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا، اسکاوٹس گروپ اور انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں میں ماسک تقسیم کیے گیے، شرکا مرکزی مجلس و جلوس عزا کیلئے ہینڈ سینٹائزر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں امیرالمومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے مرکزی جلوس عزا حکومتی ایس او پیز کے ساتھ نشترپارک سے برآمد ہوگیا ہے، مرکزی جلوس عزا روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم شہادت حضرت امام علیؑ کے موقع پر تمام حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ مرکزی مجلس عزا کا انعقاد صبح چھ بجے نشترپارک میں کیا گیا، ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی مجلس عزا سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ عزاداران امام علیؑ کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا، اسکاوٹس گروپ اور انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں میں ماسک تقسیم کیے گیے، شرکا مرکزی مجلس و جلوس عزا کیلئے ہینڈ سینٹائزر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

مجلس و جلوس کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نشترپارک اور جلوس کے روٹ کو کلیئر کیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر یوم علیؑ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، جلوس میں عزادارن امام علیؑ کی بڑی تعداد موجود ہے، جلوس میں علم، تابوت کی زیارات بھی موجود ہیں، جلوس میں عزاداران امام علیؑ کی جانب سے ایس او پیز خصوصاً ماسک پہننے کا لازمی خیال رکھا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر پہنچنے کے بعد روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 930623

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930623/کراچی-میں-یوم-علی-کا-مرکزی-جلوس-مکمل-ایس-او-پیز-کے-ساتھ-رواں-دواں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org