QR CodeQR Code

امام علیؑ کی سیرت تمام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ مرید حسین نقوی

4 May 2021 16:39

اپنے ایک بیان میں جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امیرالمومنین ؑ کی ذاتی اور اجتماعی سیرت کا ایک اہم اور درخشاں پہلو عدل اجتماعی کا نفاذ ہے۔ آپ ؑ نے اپنے ذاتی امور اور حکومتی معاملات کے لئے الگ الگ چراغ جلا کر اور اپنے قریبی اور حقیقی بھائی کو بیت المال سے صرف جائز حق دیکر عدل کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سینیئر نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زندگی سے ایک عام انسان سے لے کر حکمران تک اور ایک طالب علم سے لے کر ایک فقیہ تک ہر شخص بھرپور استفادہ کرسکتا ہے۔ آج عالم اسلام میں جہالت، افلاس، فکری و علمی پسماندگی، غربت، استحصال، کرپشن، طبقاتی تفریق، ظلم و جور اور بے عدالتی و ناانصافی جیسے مسائل موجود ہیں، ان تمام مسائل کا سبب یہی ہے کہ مسلم ممالک میں امیرالمومنین ؑ کے طرز حکمرانی اور طرز جہاں بانی سے استفادہ نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت علی ؑ کے تصور اسلام اور انداز حکمرانی کا مطالعہ کرنا ہوگا، تاکہ امیرالمومنین ؑ کی ہمہ جہت شخصیت، ان کے دیئے ہوئے اصول اور ان کے چھوڑے ہوئے نقوش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھمبیر معاشرتی، معاشی، سیاسی، ثقافتی، تعلیمی اور انتظامی مسائل کا عصری تقاضوں کے مطابق حل تلاش کرسکیں۔ علاوہ ازیں انفرادی زندگی میں حضرت علی ؑ کی سیرت کو نمونہ عمل قرار دے کر اپنی دنیوی و اخروی نجات کا سامان پیدا کرسکیں۔

جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ نے کہا کہ امیرالمومنین ؑ کی ذاتی اور اجتماعی سیرت کا ایک اہم اور درخشاں پہلو عدل اجتماعی کا نفاذ ہے۔ آپ ؑ نے اپنے ذاتی امور اور حکومتی معاملات کے لئے الگ الگ چراغ جلا کر اور اپنے قریبی اور حقیقی بھائی کو بیت المال سے صرف جائز حق دے کر عدل کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔ اسی عدل کے سبب آپ ؑ کی شہادت واقع ہوئی ہے۔ عدل علی ؑ آج بھی دنیا میں ایک نمونے اور ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 930699

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/930699/امام-علی-کی-سیرت-تمام-عالم-انسانیت-کیلئے-مشعل-راہ-ہے-علامہ-مرید-حسین-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org